سان فرانسسکو:سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے اپنے پلیٹ فارم پر کورونا ویکسین سے متعلق گمراہ کن معلومات کی روک تھام کے لیے ایسا سٹرائک سسٹم متعارف کرایا ہے جس کے تحت پانچ متنازع ٹویٹس کی نشاندہی ہونے پر اکاﺅنٹ مستقل بند ہو جائے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹویٹر نے گزشتہ روز ایک پوسٹ میں غلط معلومات پھیلانے والوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ صارفین کی کورونا ویکسین سے متعلق غلط اور گمراہ کن معلومات پر مبنی پانچ ٹویٹس کی نشاندہی کرنے کے بعد اس کے خلاف مستقل پابندی عائد کر دے گا۔
ٹویٹر کی جانب سے کہا گیا کہ اس سٹرائک سسٹم سے نہ صرف صارفین کو ویب سائٹ کی پالیسیوں سے متعلق آگاہی دینے میں مدد ملے گی بلکہ ممکنہ طور پر گمراہ کن اور نقصان دہ معلومات کے پھیلاﺅ میں مزید کمی ہو گی اور خاص طور پر قوانین کی شدید اور درمیانی سطح کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے گا۔
ٹویٹر نے کہا کہ پہلے گمراہ کن معلومات پر مبنی ٹویٹس کی نشاندہی کی جائے گی، ٹویٹر پالیسی کی خلاف ورزی پر دوسری اور تیسری نشاندہی پر اکاﺅنٹ 12 گھنٹے کے لیے بند کر دیا جائے گا، چوتھی نشاندہی پر سات روز پانچویں نشاندہی پر اکاﺅنٹ مستقل طور پر معطل کیا جائے گا۔