ٹیکس سال 2020ء: انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد 26 لاکھ سے متجاوز

528

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سال 2020ء کی ایکٹیو ٹیکس پئیر لسٹ (اے ٹی ایل) جاری کر دی۔

28 فروری 2021ء تک ٹیکس سال 2020ء کے لئے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد 26 لاکھ 23 ہزار تھی جو پچھلے سال 28 فروری 2020ء تک 24 لاکھ 30 ہزار تھی۔

ٹیکس سال 2020ء کے لئے داخل کئے گئے ٹیکس گوشواروں کے ساتھ  49.6 ارب روپے انکم ٹیکس وصول کیا گیا جو گزشتہ ٹیکس سال کے گوشواروں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس کے مقابلے میں 60 فیصد زائد ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ایف بی آر: ٹیکس ریونیو میں چھ فیصد اضافہ، آٹھ ماہ میں 2.9 کھرب روپے جمع

ٹیکس سال 2020ء میں پانچ لاکھ 9 ہزار 39 فائلرز ایسے بھی ہیں جنہوں نے آخری تاریخ کے بعد گوشوارے داخل کئے ہیں یا پھر متعلقہ کمشنرز کی طرف سے توسیع شدہ تاریخ کے بعد گوشوارے داخل کئے ہیں اور اے ٹی ایل سرچارج ادائیگی نہ کرنے کی وجہ سے ایکٹیو ٹیکس پئیر لسٹ میں شامل نہیں۔

اے ٹی ایل سرچارج جمع کرانے کے بعد ایسے افراد بھی ٹیکس سال 2020ء کی ایکٹیو ٹیکس پئیر لسٹ میں شامل ہو سکتے ہیں۔ کمپنیز کے لئے اے ٹی ایل سرچارج بیس ہزار روپے، ایسوسی ایشن آف پرسنز کے لئے دس ہزار روپے اور افراد کے لئے اے ٹی ایل سرچارج ایک ہزار روپے ہے۔

ایف بی آر کے مطابق ایسے تمام ٹیکس گزار جو پہلے ٹیکس ادا نہیں کر سکے وہ اب انکم ٹیکس اور عائد اے ٹی ایل سرچارج ادا کرکے ایکٹو ٹیکس پئیر لسٹ میں شامل ہونے کے فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔

اسی طرح وہ ٹیکس گزار جو ٹیکس سال 2020ء کے انکم ٹیکس گوشوارے اب تک داخل نہیں کر سکے وہ بھی اے ٹی ایل سرچارج کے ساتھ ٹیکس گوشوارے داخل کر کے اے ٹی ایل فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here