ایف بی آر: ٹیکس ریونیو میں چھ فیصد اضافہ، آٹھ ماہ میں 2.9 کھرب روپے جمع

2.89 کھرب روپے کے مقررہ ہدف سے 18 ارب روپے زائد محصولات جمع، 152 ارب کے ریفنڈز جاری، ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد 26 لاکھ 23 ہزار ہو گئی

629

لاہور: فیڈرل بور ڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال 2020-21ء کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران گزشتہ مالی کے اسی عرصہ کے مقابلے میں چھ فیصد زیادہ ٹیکس جمع کر لیا۔

ایف بی آر کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر فروری 2021ء کے دوران 2916 ارب روپے کا نیٹ ریونیو حاصل ہوا ہے جو اس عرصہ کے مقرر کردہ ہدف 2898 ارب روپے سے 18 ارب روپے زائد ہے اور گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں حاصل کردہ نیٹ ریونیو 2750 ارب روپے کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے۔

فروری 2021ء کے دوران ایف بی آر نے 343 ارب روپے ٹیکس جمع کیا جبکہ مقررہ ہدف 325 ارب روپے تھا، اس طرح ہدف کے مقابلے میں 106 فیصد اضافی ٹیکس حاصل ہوا جو فروری 2020ء کے حاصل کردہ نیٹ ریونیو کے مقابلے میں آٹھ فیصد زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

سمگلنگ ختم ہونے سے موبائل فونز کی درآمدات پر 60 ارب ٹیکس آمدن

سات ماہ میں نان کیش بینکنگ ٹرانزیکشنز پر 4.68 ارب روپے وِد ہولڈنگ ٹیکس موصول

رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران ایف بی آر کا گراس ریونیو پچھلے سال کے 2823 ارب روپے کے مقابلے میں 9 فیصد اضافے سے 3068 ارب روپے رہا۔

ایف بی آر کے مطابق رواں مالی سال کے دوران اب تک 152 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے 79 ارب روپے سے 97 فیصد زیادہ ہیں۔ ریفنڈز کی تیز تر ادائیگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایف بی آر مختلف صنعتوں کو درپیش لیکویڈیٹی مسائل کو حل کرنے میں کوشاں ہے۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ریونیو کے حصول میں بہترین کارکردگی ملکی معاشی سرگرمیوں میں تیزی کی نشاندہی کرتی ہے حالانکہ کووڈ-19 کی دوسری لہر کا بھی سامنا ہے۔ توقع ہے کہ مارچ تا جون 2021ء کی مدت میں ریوینو میں معاشی ترقی کے باعث مزید بہتری آئی گی جو پچھلے سال اس عرصہ میں کووڈ-19 کی وجہ سے جمود کا شکار تھی۔

ایف بی آر ٹیکس نیٹ دائرے میں اضافے کیلئے بھی بھرپور کوششیں کر رہا ہے، انہی کوششوں کے باعث 28 فروری 2021ء تک ٹیکس سال 2020ء کیلئے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد 26 لاکھ 23 ہزار ہو چکی ہے جو پچھلے سال اس عرصہ کے 24 لاکھ 30 ہزار سے 8 فیصد زیادہ ہے۔

ٹیکس گوشوارں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس 49.6 ارب روپے رہا جو پچھلے سال اس عرصہ کے 31 ارب روپے سے 60 فیصد زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ 21 لاکھ نان فائلرز کو نوٹسز جاری کئے گئے۔

ایف بی آر نے پوائینٹ آف سیل سسٹم کے ساتھ منسلک ہونے والے بڑے ریٹیلرز کی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں جس کے مطابق ملک بھر میں 9 ہزار 952 سیل مشینیں پوائنٹ آف سیل سسٹم کے ساتھ منسلک کی جا چکی ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here