اسلام آباد: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے حکومت پاکستان کی کووڈ۔19 پر ردعمل کی کوششوں کو تقویت دینے کیلئے 50 کروڑ روپے سے زائد کا عطیہ فراہم کیا ہے۔
سوموار کو پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے کنٹری آفس اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران عطیہ کی یہ رقم وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے حوالے کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہی پالا نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کووڈ۔19 کی وبا پر قابو پانے کیلئے حکومت پاکستان کی ان تھک کوششوں کو بھرپور سراہتا ہے اور آئندہ بھی تعاون جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کووڈ۔19 کے پھیلاﺅ کی روک تھام کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے اور پاکستان کو فوری اور مساوی طور پر ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے ڈبلیو ایچ او کے تعاون کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ڈبلیو ایچ او نے کووڈ۔19 کی وبا کو کنٹرول کرنے کیلئے ہر سطح پر صحت عامہ کی کوششوں کی معاونت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹریٹجک تیاری اور رسپانس پلان کے لئے ڈبلیو ایچ او کے تعاون کے ساتھ ساتھ وبائی امراض کے دوران متاثرہ افراد کی صحت اور حفاظت کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے عالمی ادارہ صحت کی مربوط جوابی کوششوں کا بھی اعتراف کرتا ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت کے عطیہ میں 33 ایمبولینس گاڑیاں، 150 موٹر سائیکلز، 12 دبل کیبن گاڑیاں اور لیبارٹری آلات شامل ہیں۔ یہ گاڑیاں کووڈ۔19 سے متعلق کیسز کی نگرانی، انویسٹی گیشن اور مینجمنٹ کیلئے استعمال کی جائیں گی۔
اس موقع پر ڈونر ایجنسیوں کے نمائندوں، صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ افسران، وفاقی اور صوبائی حکومت کے محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔