واشنگٹن: امریکا کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن اتھارٹی (ایف ڈی اے) نے ہنگامی استعمال کیلئے جانسن اینڈ جانسن ویکسین کی منظوری دیدی ہے۔
ایف ڈی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے جانسن اینڈ جانسن کی تیار کردہ ایک خوراک والی ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس ویکسین کے معلوم اور ممکنہ فوائد اس کے ممکنہ خطرات سے کہیں زیادہ ہیں اور کورونا کے معتدل سے شدید یا نازک حالت والے مریضوں کی حالت سنبھالنے کیلئے 66.1 فیصد موثر ثابت ہوئی ہے۔ شدید یا سنگین بیمار افراد کیلئے اس ویکسین کے موثر ہونے کی شرح 85.4 فیصد تھی۔
جانسن اینڈ جانسن کی ایک خوراک والی ویکسین کو تین مہینوں تک عام ریفریجریٹر کے معمول کے درج حرارت دو سے آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ میں رکھا جا سکتا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ امریکہ میں ویکسی نیشن کےعمل میں تیزی لائے گی۔