لاہور: پاکستان کسٹمز کے سمگلنگ کے خلاف موثر اقدامات کی بدولت رواں مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران 39 ارب 52 کروڑ روپے کی سمگل شدہ اشیاء ضبط کی گئی ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا فروری تک 39 ارب 52 کروڑ روپے مالیت کی سمگل شدہ مصنوعات ضبط کی گئی ہیں۔
یہ شرح گزشتہ سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران ضبط کی گئی سمگل شدہ اشیاء کی مالیت سے 57.45 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال کے اسی عرصہ میں 25 ارب 10 کروڑ روپے مالیت کی سمگل شدہ مصنوعات ضبط کی گئی تھیں۔
ایف بی آر کے اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ کسٹمز حکام کی جانب سے سمگلنگ کے خلاف موثر کارروائیوں کے نتیجے میں رواں مالی سال کے آٹھ ماہ میں ضبط شدہ اشیاء کی مالیت 39 ارب 52 کروڑ روپے گزشتہ پورے سال میں ضبط شدہ اشیاء کی مالیت 36 ارب روپے سے بڑھ گئی ہے۔
فروری 2021ء میں چار ارب 8 کروڑ روپے مالیت کی سگل شدہ اشیا ضبط کی گئی ہیں جو پچھلے سال اسی ماہ کے تین ارب دو کروڑ روپے کے مقابلے میں 35.18 فیصد زیادہ ہیں۔