اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی مدت میں 14 مارچ تک توسیع کر دی ہے۔
اس سے قبل سول ایوی ایشن نے 31 دسمبر 2020ء کو سفری ہدایات سے متعلق ایک نوٹی فکیشن جاری کیا تھا جس میں مختلف کیٹیگریز سے متعلق ایس او پیز جاری کی گئی تھیں لیکن اب سول ایوی ایشن حکام نے فیصلہ کیا ہے تمام کیٹیگریز میں شامل ممالک کے شہریوں کو 14 مارچ تک پاکستان کا سفر کرنے کی صورت میں ایس او پیز پر عمل کرنا ہو گا۔
ایوی ایشن اتھارٹی کی کیٹیگری اے اور بی میں شامل ممالک کے باشندوں کو پاکستان میں داخل ہونے سے قبل کووڈ-19 پی سی آر ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہو گی۔ اس کیٹیگری میں آنے والے ممالک میں آسٹریلیا، چین، عراق، نیوزی لینڈ، قطر، سعودی عرب اور سنگاپور سمیت 24 ممالک شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
چین نے برطانیہ، بیلجیئم کے شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کر دیں
پائلٹس کیلئے لائسنس کا نیا نظام متعارف کروانے کا فیصلہ
ایوی ایشن کے مطابق کیٹیگری سی میں شامل ممالک کے شہریوں کو پاکستان کا سفر کرنے کی صورت میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (ای سی او سی) کی ایس او پیز پر لازمی عمل کرنا ہو گا، ان ممالک میں جنوبی افریقہ، برطانیہ، آئرلینڈ اور نیدرلینڈز سمیت 15 ممالک شامل ہیں۔
سی اے اے نے 29 جنوری کو جاری کیے گئے نوٹس میں کہا تھا کہ کیٹیگری سی میں آنے والے ممالک سے پاکستان سفر کرنے والے افراد کو پی سی آر ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں داخلے کی اجازت ہو گی، یہ ٹیسٹ 72 گھنٹے پہلے کرانا ہو گا، پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے کیٹیگری سی کے ممالک میں آنے والے افراد، پاکستانی این آئی سی او پی ہولڈرز، پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) ہولڈرز اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے بھی ان ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہو گا۔