سات ماہ میں نان کیش بینکنگ ٹرانزیکشنز پر 4.68 ارب روپے وِد ہولڈنگ ٹیکس موصول

331

اسلام آباد: رواں مالی سال کے دوران نان کیش بینکنگ ٹرانزیکشنز پر وِد ہولڈنگ ٹیکس محصولات میں 8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

لارج ٹیکس پیئرز آفس (ایل ٹی او) کراچی کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں جولائی تا جنوری 21-2020ء کے دوران ٹیکس وصولیوں کا حجم 4.68 ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 4.32 ارب روپے ود ہولڈنگ ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے سات مہینوں میں نان کیش بینکنک ٹرانزیکشنز پر ود ہولڈنگ ٹیکس محصولات میں 36 کروڑ روپے یعنی 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے کاروباری پابندیوں کے خاتمہ کے نتیجہ میں کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کی بحالی سے بینکنگ سسٹم کی ٹرانزیکشنز بڑھی ہیں جس کے باعث ٹیکس محصولات میں اضافہ ہوا ہے۔

ادھر سٹیٹ بینک آف پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جنوری 2021ء کے اختتام تک بینکنگ سسٹم کے ڈیپازٹس بھی 16.5 فیصد بڑھ گئے اور ڈیپازٹس کا حجم 17.085 کھرب روپے تک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جنوری 2020ء کے اختتام پر بینک ڈیپازٹس کا حجم 14.672 کھرب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران بینکاری کے شعبہ کے ڈیپازٹس میں 2.413 کھرب روپے کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

مزید برآں ایل ٹی او کی رپورٹ کے مطابق جنوری 2020ء کے مقابلہ میں جنوری 2021ء کے دوران نان کیش بینکنگ ٹرانزیکشنز پر ود ہولڈنگ ٹیکس وصولیاں 5 فیصد اضافہ سے 62 کروڑ روپے کے مقابلہ میں 65 کروڑ 10 روپے تک پہنچ گئیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here