بزدار حکومت کی مزید پانچ مدر اینڈ چائلڈ کئیر ہسپتال بنانے کی منظوری

پانچ ہسپتالوں پر تقریباً 28 ارب روپے لاگت آئے گی، مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اٹک، لیہ، راجن پور، بہاولنگر اور سیالکوٹ میں تعمیر ہوں گے

123

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں مزید پانچ مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتالوں کے منصوبوں کی منظوری دے دی۔

پانچ ہسپتالوں کی تعمیر پر تقریباً 28 ارب روپے لاگت آئے گی، مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اٹک، لیہ، راجن پور، بہاولنگر اور سیالکوٹ میں تعمیر ہوں گے اور ان ہسپتالوں کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

گزشتہ روز وزیراعلی عثمان بزدار کی اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں عوام کو معیاری علاج معالجہ فراہم کرنے کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بزدار نے کہا کہ یہ ہسپتال اگلے دو برس میں مکمل کرنے کی پوری کوشش کریں گے کیونکہ معیاری علاج معالجے کی سہولتوں تک رسائی زچہ و بچہ کا حق ہے۔

وزیراعلی نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت اور متعلقہ محکمے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کے منصوبو ں سے متعلقہ امور کو جلد نمٹائیں، ان ہسپتالوں کے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا خود جائزہ لوں گا، ہسپتالوں کی تعمیر کے حوالے سے وسائل کی فراہمی میں کمی نہیں آنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 8 مارچ سے صوبے میں 60 برس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا جائے گا اور پنجاب میں 60 برس سے زائد عمر کے تقریبا 75 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی، بزرگ افراد کو ویکسین لگانے کیلئے اضلاع میں خصوصی سینٹرز بنائے جائیں گے۔

وزیراعلی نے خصوصی سینٹرز پر ضروری سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میں خود بھی خصوصی سینٹرز کا وزٹ کرکے سہولتوں کا جائزہ لوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 47 ہزار فرنٹ لائن ہیلتھ پروفیشنلز کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے اور سوا دو لاکھ ہیلتھ پروفیشنلز کی رجسٹریشن ہو چکی ہے، وزیراعلی نے ہیلتھ پروفیشنلز کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں لاہور میں پری فیبریکیٹڈ انفیکشن ڈیزیز کا ہسپتال بنانے کی تجویز پیش کی گئی۔ وزیراعلی بزدار نے مذکورہ ہسپتال بنانے کی تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کو جلد حتمی سفارشات پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here