اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے 931 میگاواٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت کے تین نیوکلیئر پاور جنریشن پلانٹس کے سرمایہ پر منافع کم کر دیا ہے جس سے سالانہ دو ارب روپے سے زائد کی بچت ہو گی۔
نیپرا کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق مذکورہ نیوکلیئر پاور پلانٹس میں سی۔ٹو، سی۔ تھری اور سی۔فور شامل ہیں۔
نیوکلیئر پاور جنریشن پلانٹس میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 27 اگست 2020ء کے فیصلہ کے تحت سرمایہ پر منافع میں کمی کیلئے درخواستیں دائر کی تھیں اور اسے 148 روپے فی ڈالر کے ایکسچینج ریٹ پر منجمد کرنے کی درخواست کی تھی۔
نیپرا اتھارٹی نے 13 جنوری کو سماعت کے بعد موجودہ قواعد و ضوابط کے مطابق ان درخواستوں کو منظور کر لیا اور 148 روپے فی ڈالر کے ایکسچینج ریٹ پر منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سرمایہ پر منافع ان منصوبوں کی باقی مدت کیلئے 15 فیصد سے کم کرکے 14.5 فیصد کر دیا گیا ہے ۔