پنجاب حکومت کا سپیشل اکنامک زونز میں 10 سال انکم ٹیکس پر چھوٹ دینے کا اعلان

کاروبار کے عمل کو سہل بنایا گیا اور سرمایہ کاروں کو وَن ونڈو آپریشن کی سہولت دی گئی ہے، درآمدی مشینری پر پہلی بار زیرو ڈیوٹی عائد ہو گی: وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال

727

لاہور: وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے 13 خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے صنعتی انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔

گزشتہ روز صنعت کاروں کے ایک وفد نے صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال سے ملاقات کی، اس موقع پر سرمایہ کاری کے مواقع، کاروبار کیلئے سازگار ماحول اور سرمایہ کاروں کو دی جانے والی سہولیات پر بات چیت کی گئی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ شیخوپورہ میں موٹروے کے نزدیک 1536 ایکڑ رقبے پر پاکستان کے پہلے سمارٹ سپیشل اکنامک زون قائد اعظم بزنس پارک کا افتتاح ہو چکا ہے۔

وزیر صنعت و تجارت پنجاب نے کہا کہ وہاڑی، بھلوال، رحیم یار خان، فیصل آباد اور بہاولپور میں سپیشل اکنامک زونز بن چکے ہیں۔ اس حوالے سے یہ بات خوش آئند ہے کہ چار سپیشل ا کنامک زونز نجی شعبہ کی جانب سے بنائے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

پنجاب میں پہلا ایگرو بیسڈ خصوصی اقتصادی زون بنانے کی منظوری

پنجاب میں 11 ارب 24 کروڑ روپے لاگت سے شعبہ صحت کے آٹھ منصوبوں کی منظوری

لاہور میں چار ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے ایل ڈی اے اور بینک آف پنجاب کے درمیان معاہدہ

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت فیصل آباد میں بننے والے اکنامک زون سے براہ راست چار لاکھ اور مجموعی طور پر 10 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، سی پیک کے تحت ہی 3237 ایکڑ رقبے پر بننے والے اس اکنامک زون میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہو چکے ہیں۔

میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ سپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری پر 10 سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور پہلی بار درآمدی مشینری پر زیرو ڈیوٹی کی سہولت ملے گی، صنعت کاری کے عمل میں تیزی اور سرمایہ کاری میں اضافہ حکومتی معاشی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی مراکز میں عالمی معیار کے انفراسٹرکچر کی فراہمی کے باعث ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کی پنجاب میں سرمایہ کاری میں دلچسپی بڑھی ہے اور حکومت کی درست معاشی ترجیحات سے برآمد ات اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کاروبار کے عمل کو سہل بنایا گیا ہے اور سرمایہ کاروں کو وَن ونڈو آپریشن کی سہولت بھی دی گئی ہے، سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھائیں، انہیں ہر ممکن سہولیات دی جائیں گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here