اسلام آباد: سال 2020ء کے دوران اینگرو کارپوریشن کے منافع میں 45.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جس کے باعث کمپنی نے اپنے حصہ داروں کیلئے دو روپے حتمی کیش ڈیوڈنڈ کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے کمپنی کے مالیاتی نتائج کے مطابق گزشتہ سال 2020ء کے دوران اینگرو کارپوریشن کا منافع 44 ارب 40 کروڑ روپے تک بڑھ گیا جبکہ سال 2019ء کے دوران کمپنی کو 30 ارب 60 کروڑ روپے آمدن ہوئی تھی۔
اس طرح سال 2019ء کے مقابلہ میں سال 2020ء کے دوران اینگرو کارپوریشن کی آمدنی میں 7.8 ارب روپے یعنی 45 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سال 2020ء: کھاد کی فروخت میں کمی کے باوجود اینگرو فرٹیلائزرز کا منافع 18 ارب ریکارڈ
رپورٹ کے مطابق سال 2019ء میں اینگرو کارپوریشن کی فی حصص آمدنی 28.69 روپے رہی تھی جبکہ سال 2020ء کے دوران کمپنی کی فی حصص آمدنی 43.57 روپے فی حصص تک بڑھ گئی۔ کارپوریشن نے اپنے حصہ داروں کیلئے دو روپے فی حصص کے حتمی کیش ڈیوڈنڈ کا بھی اعلان کیا ہے۔
مالیاتی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 2020ء کے دوران کمپنی کی خالص سیلز میں 10.21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور خالص سیلز کا حجم 248.8 ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ 2019ء کے دوران کمپنی کی خالص سیلز 225.8 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔
اسی طرح دورانِ سال کمپنی کے سیلز کے اخراجات بھی 9.92 فیصد اضافہ سے 157.2 ارب روپے کے مقابلہ میں 172.8 ارب روپے تک بڑھ گئے۔ اس دوران کمپنی کا عمومی منافع بھی 11 فیصد بڑھنے سے منافع کا حجم 68.6 ارب روپے کے مقابلہ میں 76 ارب روپے تک پہنچ گیا۔