اسلام آباد: جاری مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی سات ماہ کے دوران پاکستانی 53 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کی چائے درآمد کر کے پی گئے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا جنوری 21۔2020ء کے دوران پاکستان کی چائے کی درآمدات کا حجم 33 کروڑ 61 لاکھ 40 ہزار ڈالر (53 ارب 20 کروڑ روپے) تک بڑھ گیا۔
گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی سات ماہ کے دوران چائے کی قومی درآمدات کا حجم 27 کروڑ 51 لاکھ 34 ہزار ڈالر (43 ارب 54 کروڑ 52 لاکھ روپے) رہا تھا۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران چائے کی درآمدات میں چھ کروڑ 10 لاکھ ڈالر (9 ارب 65 کروڑ 44 لاکھ روپے) یعنی 22 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی بی ایس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں بالحاظ وزن چائے کی درآمدات میں 32.01 فیصد اضافہ ہوا اور درآمدات ایک لاکھ 15 ہزار 415 میٹرک ٹن کے مقابلہ میں ایک لاکھ 52 ہزار 362 میٹرک ٹن تک بڑھ گئیں۔
ادارہ برائے شماریات کے مطابق پاکستان میں سالانہ 60 سے 70 میٹرک ٹن چائے درآمد کی جاتی ہے اور ہر فرد سال میں تقریباََ ایک سے ڈیڑھ کلو چائے استعمال کرتا ہے۔
پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل نے خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں شنکیاری کے مقام پر 50 ایکڑ اراضی پر نیشنل ٹی اینڈ ہائی ویلیو کراپس اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ قائم کر رکھا ہے جہاں 20 ایکڑ رقبے پر کاشت سے سالانہ پانچ سے آٹھ ٹن تک چائے تیار کی جا رہی ہے لیکن ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے اب بھی درآمدی چائے پر انحصار جاری ہے۔