کراچی: میزان بینک نے 31 دسمبر 2020ء کو ختم ہونے والے سال کے مالیاتی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
2020ء میں میزان بینک کا بعد از ٹیکس منافع پچھلے سال کی اسی مدت کے 15.23 ارب روپے کے مقابلے میں 46 فیصد کے متاثر کن اضافے کے ساتھ 22.17 ارب روپے رہا۔
اس بات کا اعلان میزان بینک کی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کے بعد کیا گیا جس کی صدارت بورڈ کے چیئرمین ریاض ایس اے اے ادریس نے کی جبکہ اس موقع پر بورڈ کے وائس چیئر مین فیصل اے ا ے اے النصر بھی موجود تھے۔
2020ء میں کیپٹل میں 14.147 ارب روپے کے اضافے کے ساتھ بینک کی فی حصص آمدنی گزشتہ سال کی اسی مدّت کے 10.77 روپے کے مقابلے میں بڑھ کر 15.67 روپے فی حصص رہی۔
بورڈ نے حصص یافتگان کیلئے 20 فیصد کے حساب سے دو روپے فی شیئر کیش ڈیوڈنڈ دینے کی بھی منظوری دی۔ اس طرح 2020ء میں حصص یافتگان کو مجموعی طور پر 6 روپے (60 فیصد) کیش ڈیونڈ دینے کے ساتھ ساتھ 10 فیصد بونس شیئر بھی دیا ہے۔
31 دسمبر 2020ء کو میزان بینک کے ڈپازٹس پچھلے سال کی اسی مدّت کے مقابلہ میں 35 فیصد اضافے کے ساتھ 1.25 کھر ب روپے رہے۔ ڈپازٹس کی بنیاد پر میزان بینک پاکستان کا پانچواں بڑا بینک ہے۔
880 اے ٹی ایمز نیٹ ورک کے ساتھ ملک کے 248 شہروں میں میزان بینک کی 880 برانچیں ہیں۔ ایپل اسٹور اور گوگل پلے اسٹور کی جانب سے مستقل طور پر میزان بینک کی موبائل ایپ کو پاکستان کی نمبر ون موبائل بینکنگ ایپ قراردیا جا رہا ہے۔
حال ہی میں پاکستان بینکنگ ایوارڈ میں میزان بینک کو پاکستان کے بہترین بینک کے ایوارڈ سے نوازا گیا، اکتوبر 2020ء میں منعقدہ سالانہ ایکسلینس ایوارڈز میں سی ایف اے سوسائٹی آف پاکستان نے میزان بینک کو بڑے بینکوں کی کیٹگری میں بہترین بینک کے ایوارڈ سے نوازا تھا۔