اسلام آباد: اسلامی ترقیاتی بینک کے ذیلی ادارہ انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (ITFC) نے پاکستان کے ساتھ ایک ارب 10 کروڑ ڈالر مالیت کے سالانہ پلان کی منظوری دیدی ہے۔
بدھ کو پاکستان اور بین الاقوامی اسلامی تجارتی مالیاتی کارپوریشن کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی جہاں آئی ٹی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) حانی سلیم نے وفاقی وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار کے ساتھ ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیے:
’گوادر میں 40 کمپنیوں کی سرمایہ کاری، 200 مزید تیار‘
چیک کمپنیاں پاکستان کے تیل و گیس کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی خواہاں
وزارت اقتصادی امور کے مطابق اس سہولت سے رواں سال پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او)، پاک عرب ریفارئنری کمپنی (پارکو) اور پاکستان ایل ای جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کو تیل اور گیس کی درآمد میں تعاون فراہم کیا جائے گا جبکہ ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی سہولت سے پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو تقویت ملے گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیارنے کہا کہ آئی ٹی ایف سی پاکستان کا اہم مالیاتی شراکت دار ہے اور حالیہ معاہدہ مذکورہ ادارے کے پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ کورونا وائرس کی عالمگیر وبا سے دنیا بھر کی طرح پاکستان کی معیشت بھی متاثر ہوئی ہے تاہم حکومت کی جانب سے کیے جانے جانے والے اقدامات کے باعث وبا سے متاثرہ معشیت کی بحالی شروع ہو گئی ہے۔
مخدوم خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ تیل اور گیس کا شعبہ ملک کی اقتصادی ترقی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے، حکومت اس شعبہ کو فروغ دینے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔
بین الاقوامی اسلامی تجارتی مالیاتی کارپوریشن کے چیف ایگریکٹو آفیسر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رہے گا۔