اسلام آباد: رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران بائیکو پٹرولیم پاکستان لمیٹڈ کے خالص منافع میں 4.5 گنا اضافے سے 96 کروڑ 10 لاکھ روپے تک بڑھ گیا۔
بائیکو پٹرولیم پاکستان لمیٹڈ (بائیکو) نے مالی سال 2020-21ء کی پہلی ششماہی کے مالیاتی نتائج جاری کیے ہیں جس کے مطابق جولائی تا دسمبر کے دوران کمپنی کی مجموعی آمدن 20 فیصد کمی سے 100 ارب روپے رہی۔
گزشتہ سال کی اسی مدت میں کمپنی کو 125.6 ارب روپے آمدن ہوئی تھی، آمدن میں کمی کورونا وائرس کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کم ہونے کی وجہ سے ہوئی۔
بائیکو پٹرولیم کا قبل از ٹیکس مجموعی منافع گزشتہ سال کی پہلی ششماہی کی نسبت 30 فیصد بڑھ کر 3.3 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ اخراجات کو محدود کرنے کی وجہ سے آپریٹنگ پرافٹ 20 فیصد اضافے سے 1.9 ارب روپے تک جا پہنچا۔
پہلی ششماہی کے دوران بائیکو پٹرولیم کو بعد از ٹیکس 96 کروڑ 10 لاکھ روپے کا خالص منافع ہو جبکہ گزشتہ سال کی پہلی ششماہی میں 21 کروڑ 30 لاکھ روپے منافع ہوا تھا۔
جولائی تا دسمبر 2020ء کی مدت میں کمپنی کی فی حصص آمدنی بھی 0.18 روپے تک بڑھ گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 0.0.4 روپے فی حصص رہی تھی۔
بائیکو کے منافع میں اضافہ کا بنیادی سبب کاروباری صورتحال میں بہتری، پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ اور اخراجات پر موثر کنٹرول کی پالیسی ہے۔