کوٹ ادو پاور کمپنی لمیٹڈ کا مالیاتی نتائج کا اعلان

مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں کمپنی کی بعد از ٹیکس آمدنی میں ایک ارب 40 کروڑ روپے، پہلی ششماہی میں 22 کروڑ روپے کمی، شئیرز کی قدر بھی گر گئی

285

اسلام آباد: رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں کوٹ ادو پاور کمپنی لمیٹڈ (کیپکو) کی بعد از ٹیکس آمدن میں دو فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران کمپنی کی خالص آمدن 20.9 فیصد تک کم ہو گئی۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے کمپنی کے مالیاتی نتائج کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں جولائی تا دسمبر 2020ء کے دوران کوٹ ادو پاور کمپنی لمیٹڈ (کیپکو) کی بعد از ٹیکس آمدنی 11 ارب 49 کروڑ 80 لاکھ روپے تک کم ہو گئی جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2019ء کیلئے کمپنی کو 11 ارب 72 کروڑ 70 لاکھ روپے خالص آمدنی ہوئی تھی۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں کیپکو کی بعد از ٹیکس آمدنی میں 22 کروڑ 90 لاکھ روپے یعنی دو فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

کیپکو کے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں اکتوبر تا دسمبر 2020ء کے دوران بھی کمپنی کا خالص منافع 20.9 فیصد تک کم ہو گیا۔

اس دوران کیپکو نے پانچ ارب 29 کروڑ 30 لاکھ روپے خالص نفع کمایا جبکہ گزشتہ مالی سال میں اکتوبر تا دسمبر 2019ء کے دوران کمپنی کا بعد از ٹیکس منافع چھ ارب 69 کروڑ 40 لاکھ روپے رہا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران کوٹ ادو پاور کمپنی لمیٹڈ کی بعد از ٹیکس آمدنی میں ایک ارب 40 کروڑ 10 لاکھ روپے یعنی 20.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں کیپکو کی فی حصص آمدن 13.32 روپے کے مقابلہ میں 13.06 روپے فی حصص تک کم ہو گئی جبکہ جاری مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں کمپنی کی فی حصص آمدن 7.60 روپے کے مقابلہ میں 6.02 روپے فی حصص ریکارڈ کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here