سات ماہ کے دوران پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 27 فیصد کمی

575

کراچی: رواں مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 27 فیصد جبکہ جنوری 2021ء کے دوران 12 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2021ء کے دوران پاکستان میں 19 کروڑ 27 لاکھ ڈالر براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی جبکہ جنوری 2020ء میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 21 کروڑ 96 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

یوں پاکستان میں جنوری 2021ء کے دوران گزشتہ برس کے اسی ماہ کے مقابلے میں براہِ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 12.27 فیصد یعنی دو کروڑ 70 لاکھ ڈالر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جاری مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں ایف ڈی آئی میں 27.4 فیصد کمی ہوئی۔

جولائی تا جنوری 2021ء کے دوران ایف ڈی آئی کا حجم ایک ارب 14 کروڑ 53 لاکھ ڈالر رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران یہ حجم ایک ارب 57 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، اس طرح ایف ڈی آئی میں 43 کروڑ 17 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے:

’گوادر میں 40 کمپنیوں کی سرمایہ کاری، 200 مزید تیار‘

تین کمپنیاں پاکستان میں سمارٹ فون مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی خواہاں

چیک کمپنیاں پاکستان کے تیل و گیس کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی خواہاں

2020ء میں عالمی ایف ڈی آئی 42 فیصد کمی، 2021ء میں مزید گراوٹ کا امکان

سات ماہ کے دوران پاکستان میں سب سے زیادہ براہ راست سرمایہ کاری چین کی جانب کی گئی، جس کا مجموعی ایف ڈی آئی میں حصہ 35 فیصد رہا، چین نے مالی سال کے سات ماہ کے دوران 40 کروڑ 28 لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی۔

براہ راست سرمایہ کاری کے لحاظ سے دوسرا نمبر نیدرلینڈز کا رہا جس نے مالی سال کے سات ماہ کے دوران 12 کروڑ 20 لاکھ ڈالر براہ راست سرمایہ کاری کی، ہانگ کانگ 10 کروڑ 52 لاکھ ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

رواں مالی سال کے سات ماہ کے دوران برطانیہ سے 8 کروڑ 38 لاکھ ڈالر، امریکا سے 7 کروڑ 35 لاکھ ڈالر اور مالٹا سے 60 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی ایف ڈی آئی کی آمد بھی نمایاں رہی۔

سات ماہ کے دوران سب سے زیادہ براہ راست سرمایہ کاری توانائی کے شعبے میں آئی جس کا حجم 45 کروڑ چار لاکھ ڈالر رہا، دوسرے نمبر پر فنانشل بزنس سیکٹر رہا جس میں 18 کروڑ 13 لاکھ ڈالر کی ایف ڈی آئی ریکارڈ کی گئی جبکہ تیل و گیس کی تلاش کا شعبہ 13 کروڑ 67 لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

جاری مالی سال کے سات ماہ کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری میں 78 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، اس میں فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ، پورٹ فولیو انویسٹمنٹ اور فارن پبلک انویسٹمنٹ شامل ہیں۔

جولائی 2020ء سے جنوری 2021ء کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 75 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم دو ارب 68 کروڑ ڈالر رہا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here