وزیر اعظم عمران خان دو روزہ دورہ پر سری لنکا پہنچ گئے

دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے، وزیراعظم جوائنٹ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے

514

کولمبو: وزیراعظم عمران خان اپنے سری لنکن ہم منصب مہندا راجہ پاکسے کی دعوت پر دو روزہ دورہ پر سری لنکا پہنچ گئے۔

سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجہ پکسے نے ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا شاندار استقبال کیا، بچوں نے وزیراعظم کو گلدستے پیش کئے۔

وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں سری لنکا کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔  اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور توپوں کی سلامی دی گئی، وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

بعد ازاں سری لنکا کے وزیراعظم نے وزیراعظم عمران خان کا سری لنکن کابینہ اور وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کے وزیراعظم کا اپنے وفد کے ارکان سے تعارف کرایا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد، معاون خصوصی برائے سمندر پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری بھی دورہ کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان کا سری لنکا کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وزیراعظم دورے کے دوران سری لنکا کے صدر اور اپنے ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ دورے کے دوران اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، صحت ، تعلیم، زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت ہو گی۔

دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔ وزیراعظم جوائنٹ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 1948ء سے دوستی کا مضبوط تعلق قائم ہے، وزیرِاعظم عمران خان کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور تعاون کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here