اسلام آباد: قطر میں کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں کی جانب سے ترسیلات زر کی شرح میں جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 10.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق قطر میں کام کرنے والے پاکستانی ورکرز نے جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں 50 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 10.6 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کے ابتدائی سات ماہ میں قطر میں کام کرنے والے پاکستانی ورکرز نے 45 کروڑ 62 لاکھ ڈالر کا زر مبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔
جنوری 2021ء میں قطر میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے سات کروڑ 35 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جبکہ گزشتہ سال جنوری میں سات کروڑ تین لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ بھیجا تھا۔
حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کے نتیجہ میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
انہی اقدامات کی وجہ سے جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر ملک ارسال کرنے کی شرح میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 24.1 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔