سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 25 ارب کے چار منصوبوں کی منظوری دیدی

612

اسلام آباد: سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 25 ارب روپے کے چار منصوبوں کی منظوری دیدی جبکہ 43 ارب 30 کروڑ روپے کے دو منصوبوں کو حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔

سوموار کو سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں پلاننگ کمیشن، وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ ویڈیو لنک پر صوبائی حکومتوں کے نمائندے شریک ہوئے۔

اجلاس میں صحت سے متعلق 17 ارب روپے مالیت کے تین منصوبے پیش کئے گئے، پہلا منصوبہ خیبر انسٹیٹیوٹ آف چلڈرن ہیلتھ اینڈ چلڈرن ہسپتال پشاور کا پیش کیا گیا جس کی لاگت کا اندازہ سات ارب 99 کروڑ 53 لاکھ 34 ہزار روپے لگایا، اجلاس کے شرکاء نے مذکورہ منصوبے کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں دوسرا منصوبہ کووڈ-19 سمیت دیگر وبائی امراض پر قابو پانے کیلئے خیبرپختونخوا کے ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی استعداد کار میں اضافے سے متعلق پیش کیا گیا جس پر تین ارب 34 کروڑ 34 لاکھ 23 ہزار روپے لاگت متوقع ہے، سی ڈی ڈبلیو پی نے مذکورہ منصوبے کی منظوری دے دی۔

اسی طرح بہاول نگر میں دو سو بستروں پر مشتمل زچہ و بچہ ہسپتال اور نرسنگ کالج کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دی گئی جس پر پانچ ارب 62 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت متوقع ہے۔

اجلاس میں ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن سے متعلق 52 ارب 29 کروڑ روپے مالیت کے تین منصوبے پیش کیے گئے، پہلا منصوبہ چھ سو فلیٹ کنٹینر بوگیز ویگن کی خریداری کا پیش کیا گیا جس کی لاگت کا تخیمینہ 11 ارب 81 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، منصوبے کی مالیت پانچ ارب روپے سے زیادہ ہونے کی بناء پر اسے حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔

دوسرا پروجیکٹ ہوشاب تا آواران 168 کلومیٹر طویل ایم 8 موٹروے کی تعمیر کا پیش کیا گیا جس پر 32 ارب 50 کروڑ 37 لاکھ روپے لاگت متوقع ہے، یہ منصوبہ بھی حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔

ٹرانسپورٹ اینڈ مواصلات کا تیسرا پروجیکٹ سوہاوہ چکوال روڈ کی بہتری سے متعلق تھا جس پر سات ارب 98 کروڑ 4 لاکھ روپے لاگت متوقع ہے۔

سی ڈی ڈبلیو پی نے تین کانسیپٹ کلئیرنس منصوبوں کی منظوری بھی دی جس میں پہلا منصوبہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی میں بہتری کیلئے 37 کروڑ 57 لاکھ روپے روپے کا منصوبہ شامل ہے۔

اسی طرح ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے عملے کو سول ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن آف چائنا (اے وی آئی سی) سے آلات کی فراہمی اور تربیت کیلئے تین ارب 27 کروڑ 25 لاکھ روپے کا منصوبہ منظور کیا گیا۔

راول جھیل کی صفائی، بحالی اور اَپ گریڈیشن، پرانے ٹرانسمیشن پائپ اور واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کے کانسیپٹ کلئیرنس منصوبے کی منظوری بھی دے دی گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here