پی آئی اے کا گلگت بلتستان کیلئے فلائٹ آپریشن میں اضافے کا عندیہ

سربراہ پی آئی اے سے ایف پی سی سی آئی کے وفد کی ملاقات، جی بی ریجن کی کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر گفتگو، چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا

573

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ارشد ملک نے سیاحت اور دیگر کاروباری شعبوں کے فروغ کیلئے گلگت بلتستان ریجن کی کاروباری برادری اور عوام کی سہولت کے پیش نظر فلائٹ آپریشن اور سہولیات میں اضافے پر اتفاق کیا ہے۔

گزشتہ روز فیڈریشن آف چیمبرز اینڈ کامرس (ایف پی پی سی آئی) کے چیئرمین قربان علی کی قیادت میں ایک وفد نے سربراہ پی آئی اے سے ملاقات کی، اس موقع پر ارشدملک نے کہا کہ تاحال پی آئی اے گلگت بلتستان کیلئے دو پروازیں چلا رہی ہے جو 28 مارچ تک تین تک بڑھا دی جائیں گی۔

ارشد ملک نے کہا کہ خوشحال اور مضبوط پاکستان کی جانب پیش قدمی کے تحت اس اقدام سے کاروباری کلچر و اقدار، معیشت، سرمایہ کاری، تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے، سماجی بہبود اور عوامی روابط کو مضبوط بنانےمیں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کاروباری برادری کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی بڑھانا چاہتے ہیں اور کاروباری برادری کو چاہیئے کہ پی آئی اے کو مزید موثر اور مضبوط بنانے کے لئے اپنا معاون کردار ادا کریں۔

ایف پی پی سی آئی کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے گلگت ایئرپورٹ پر رَن وے اور دیگر سہولیات اور نئے دفاتر تعمیر کرنے کے بھی عزم کا اظہار کیا تاکہ ملک بھر سے آنے والے مسافروں اور سیاحوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

ارشد ملک نے جی بی ریجن کے مسافروں اور کاروباری برادری کے لئے پی آئی اے کے ذریعہ سفری کرایوں اور دیگر خدمات کے اخراجات میں رعایت کے معاملہ پر گفت و شنید کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

زائرین عراق کے لئے فلائٹ آپریشن منسوخی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوویڈ۔19 کی وجہ سے اس آپریشن پر پابندی عائد کر دی گئی تھی تاہم اب عراقی حکام کی اجازت کے بعد پی آئی اے نے عراق کے لئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

پی آئی اے کے سی ای او نے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی جانب سے دنیا بھر سے زیادہ سے زیادہ مسافروں کو راغب کرنے کیلئے پی آئی اے کی تنظیم نو کے ساتھ فلیٹ میں نئے طیاروں کو شامل کرنے، عملے کی تربیت اور نئی پروازون کے اجرا اور نئی منزلوں کی تلاش پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے مالی اور تکنیکی محاذوں پر بڑے چیلنجز سے گزر رہی ہے اور بزنس کمیونٹی اور ایکسپورٹرز کے تعاون سے اپنی ماضی کی عظمت کو بحال کرے گی اور ان تمام چیلنجوں سے نکل آئے گی۔

سربراہ پی آئی اے نے کہا کہ کوویڈ۔19 کی صورت حال کے دوران پی آئی اے کو بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ہے اور یہ ایف پی سی سی آئی اور پاکستان کی تمام کاروباری برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ موجودہ صورتحال سے قومی ایئر لائن کو نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے دیگر مراعات بھی فراہم کرے گی  جن میں جی بی ریجن کی کاروباری برادری کو کرایوں میں خصوصی چھوٹ اور ایک کارپوریٹ پیکیج بھی شامل ہے اور ہم پہلے ہی یہ سہولیات افغانستان کی کاروباری برادری کو فراہم کر رہے ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین ایف پی سی سی آئی نے ادارہ جاتی نظام کو بہتر بنانے اور مسافروں کو سہولیات کی فراہمی میں پی آئی اے انتظامیہ کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبہ کے فروغ کی بے پناہ صلاحیت اور مواقع ہیں اور پی آئی اے ان مواقع کو اپنی سیاحتی منزل بنا کر اپنا بھر پور کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے جی بی ریجن کی کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here