اسلام آباد: وفاقی بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر) نے کراچی میں مزید 21 لگژری بے نامی گاڑیوں کی نشاندہی کر دی۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کے اینٹی بے نامی زون-3 نے مختلف لوگوں کے نام سے رجسٹرڈ ہونے والی کروڑوں روپے مالیت کی 21 گاڑیوں کی نشاندہی کی ہے۔ ان گاڑیوں میں پراڈو، پریمیو، مہران، کلٹس، ویگن آر، کرولا، آلٹو، لینڈ کروزر اور سپورٹیج شامل ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ ایف بی آر ان مشتبہ بے نامی اثاثوں سے متعلق ایک پبلک نوٹس جاری کرے گا جنہیں بے نامی ٹرانزیکشنز (پروہیبشن) ایکٹ 2017 کے تحت بے نامی ٹرانزیکشن کے ذریعے خریدا گیا۔
یہ بھی پڑھیے:
بے نامی گاڑیوں کے خلاف ایف بی آرکا ایکشن، متعدد ریفرنسز فائل
ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم جولائی سے فعال ہو جائیگا: ایف بی آر
قانون کے مطابق اگر متعلقہ شخص ذرائع آمدن فراہم کرنے میں ناکام رہے تو اینٹی بے نامی زون گاڑی کو ضبط بھی کر سکتا ہے۔
اس سے قبل ستمبر 2020 میں ایف بی آر کے اینٹی بے نامی زون-3 نے 19 بے نامی گاڑیاں قبضے میں لی تھیں جن میں مرسڈیز بینز، بی ایم ڈبلیو، ٹویوٹا پراڈو، سوزوکی مہران، ٹویوٹا کرولا اور سوزوکی کلٹس گاڑیاں شامل تھیں جن کی مالیت 100 ملین بتائی گئی تھی۔