مشرق وسطیٰ کے امیر ملکوں میں متحدہ عرب امارات سرفہرست

امارات میں مقیم امیر ترین افراد کی مجموعی دولت 870 ارب ڈالر، تعداد 83 ہزار 400، 31 فیصد دولت مندوں کا تعلق  معاشیات، مالیاتی امور اور اکائونٹنگ، 22 فیصد انجینئرنگ، 7 فیصد میڈیسن اور 6 فیصد کمپیوٹر اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھتے ہیں

591

دبئی: مشرق وسطیٰ کے امیر ملکوں کی فہرست میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سرفہرست آ گیا ہے، امارات میں آباد امیر ترین افراد کی تعداد 83 ہزار 400 تک پہنچ چکی ہے اور ان کی مجموعی دولت 870 ارب ڈالر (3.19 کھرب درہم) ہے۔

الامارات الیوم کے مطابق نیو ورلڈ ویلتھ، جو دنیا بھر میں مالدار شخصیات کی دولت سے متعلق اعدادوشمار جمع کرنے میں مہارت رکھتی ہے، نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں موجود 31 فیصد دولت مند ایسے ہیں جنہوں نے معاشیات، مالیاتی امور اور اکائونٹنگ کے شعبے کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے،22 فیصد انجینئرنگ، سات فیصد میڈیسن اور چھ فیصد کمپیوٹر اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھتے ہیں۔

نیو ورلڈ ویلتھ کمپنی نے بتایا کہ گزشتہ 20 برسوں کے دوران امارات دنیا بھر میں امیر تارکین وطن کو اپنے یہاں لانے والے بڑے ملکوں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔

اندازہ یہ ہے کہ 2000ء سے 2020ء تک 35 ہزار سے زیادہ امیر لوگ متحدہ عرب امارات منتقل ہوئے، زیادہ تر کا تعلق بھارت، مشرق وسطیٰ اور افریقہ سے ہے۔

نیو ورلڈ ویلتھ کا کہنا ہے کہ نقل مکانی کرنے والے امیر افراد کو متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں سب سے محفوظ پناہ گاہ لگتا ہے، یہاں آمدنی کا تناسب اعلیٰ ہے، صحت اور نگہداشت کا نظام بہترین ہے اور کاروبار کرنے کیلئے ٹیکس کی شرح کم ہے جبکہ یہ ملک بین الاقوامی تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بھی بنا ہوا ہے۔

نیو ورلڈ ویلتھ کمپنی کے مطابق خطے میں موجود کل دولت 4.3 کھرب ڈالر کے لگ بھگ ہے، تقریباََ تین لاکھ 90 ہزار امیر افراد مشرق وسطیٰ میں سکونت پذیر ہیں، ان میں سے ہر ایک 10 لاکھ ڈالر یا اس سے زیادہ کا مالک ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here