اسلام آباد: موبائل فونز کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں 49.32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے جنوری 2021ء تک کی مدت میں موبائل فونز کی درآمدات پر ایک ارب 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا۔
یہ بھی پڑھیے:
موبائل فونز کی درآمدات میں ایک ہزار فیصد اضافہ
اسمگل ہونے والی چھ اشیاء کی قانونی طریقے سے درآمدات میں 55 فیصد اضافہ
یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی اسی مدت کے مقابلہ میں 49.32 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے ابتدائی سات ماہ میں موبائل فونز کی درآمدات پر 76 کروڑ پانچ لاکھ 80 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔
جنوری 2021ء میں موبائل فونز کی درآمدات میں جنوری 2020ء کے مقابلہ میں 36.28 فیصد اضافہ جبکہ دسمبر 2020ء کے مقابلہ میں 8.33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
جنوری 2021ء میں موبائل فونز کی درآمدات پر 19 کروڑ 68 لاکھ 55 ہزار ڈالر جبکہ جنوری 2020ء میں 14 کروڑ 44 لاکھ 44 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔ دسمبر 2020ء میں 21 کروڑ 47 لاکھ 36 ہزار ڈالر کے موبائل فون درآمد کیے گئے۔