جون تک ایران اور افغانستان کیساتھ بارڈرز پر باڑ مکمل ہو جائیگی: وزیر داخلہ

پاک ایران سرحد پر باڑ 40 فیصد، افغان سرحد پر 90 فیصد مکمل ہو چکی، داخلی سلامتی ہر صورت یقینی بنائیں گے: شیخ رشید

523

گوادر: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ رواں سال جون تک ایران اور افغانستان کی سرحدوں پر باڑ لگانے کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔

جمعہ کو وزیر داخلہ شیخ رشید احمد چار روزہ دورے پر بلوچستان پہنچے جہاں انہوں نے گوادر، تربت، مند اور ریدیگ کے سرحدی علاقوں کا فضائی معائنہ کیا، وزیر داخلہ نے بلوچستان میں حال ہی میں قائم کئے گئے رمدان گبد پاکستان ایران ٹریڈ گیٹ وے کا بھی دورہ کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک ایران سرحد پر باڑ لگانے کا کام 40 فیصد جبکہ پاک افغان سرحد پر 90 فیصد تک مکمل ہو چکا ہے جبکہ رواں سال جون تک ایران اور افغانستان بارڈز پر باڑ لگانے کا کام سو فیصد مکمل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بارڈر مینجمنٹ کو جدید بنا رہے ہیں، ملک کی داخلہ سلامتی ہر صورت یقینی بنائیں گے، اس کے ساتھ سرحدوں سے تجارت کے فروغ اور لوگوں کی آمدورفت کو بھی آسان بنائیں گے۔

وزیر داخلہ نے پاکستان ایران کے درمیان تجارتی سامان کی ترسیل سے متعلق سہولیات کا بھی جائزہ لیا، اس موقع پر آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل آئمان بلال صفدر وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے، وہ اپنے دورے میں گوادر پورٹ اور تفتان بارڈر کا بھی معائنہ کریں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here