اسلام آباد: سٹیل کی مقامی مارکیٹ کووڈ-19 کی وبا، لاک ڈائون اور اقتصادی سست روی کے باعث مالی سال 2020ء میں 31 فیصد سکڑ گئی اور اس کا حجم 8.5 لاکھ ٹن سے 9 لاکھ ٹن رہا جبکہ رواں سال میں مارکیٹ کا حجم 1.2 ملین ٹن تک بڑھنے کی توقع ہے۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے شعبہ تحقیق کے نائب سربراہ شنکر تلریجا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ تعمیرات کے شبعہ کے لیے ایمنیسٹی سکیم اور گھروں کی تعمیر کیلئے کم شرح سود پر قرضوں کی فراہمی سے ملک میں تعمیراتی سرگرمیاں بڑھیں گی جس سے سٹیل کی مقامی مارکیٹ کا حجم 9 لاکھ ٹن سے بڑھ کر 12 لاکھ ٹن تک پہنچنے کا امکان ہے۔
شنکر تلریجا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گذشتہ مالی سال میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈائون اور معاشی سست روی کے باعث سٹیل کی ملکی مارکیٹ میں 31 فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور اس کا حجم 8.5 لاکھ ٹن سے 9 لاکھ ٹن تک کم ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کی بحالی سے معیشت کے مختلف شعبوں کی شرح ترقی میں اضافہ ہوا ہے اور جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران موٹرسائیکلز کی فروخت میں 19 فیصد جبکہ گھریلو آلات کی فروخت میں 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سٹیل کی درآمد پر ڈمپنگ ڈیوٹی کے نفاذ سے سال 2020ء میں درآمدات کا مقامی مارکیٹ میں حصہ 38 فیصد کمی سے 2.7 لاکھ ٹن تک کم ہوا ہے جبکہ مالی سال 2016ء میں مقامی مارکیٹ میں درآمدی سٹیل کا حصہ 54 فیصد تھا اور درآمدات کا حجم 6.29 لاکھ ٹن تھا۔
رپورٹ کے مطابق مقامی صنعت کی پیداوار کم ہونے سے درآمدات بڑھ رہی تھیں۔ مقامی صنعت کی 2016ء میں پیداواری استعداد 7.70 لاکھ ٹن تھی جو سال 2020ء میں 187 فیصد کے نمایاں اضافہ سے 2.2 ملین ٹن تک بڑھ چکی ہے۔