یورپی یونین، پٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی کاروں کی فروخت میں نمایاں کمی ریکارڈ

جنوری 2021ء کے دوران یورپی یونین کے 27 رکن ممالک میں کل سات لاکھ 26 ہزار 491 گاڑیاں فروخت ہوئیں جبکہ جنوری 2020ء کے دوران 9 لاکھ 56 ہزار 447 یونٹ فروخت کیے گئے تھے

570

پیرس: یورپی یونین میں نئی کاروں کی فروخت میں جنوری 2021ء کے دوران سالانہ بنیاد پر 24 فیصد کمی ہوئی جس کی وجہ کورونا وائرس کے باعث خریداری کم ہونا ہے۔

یورپین آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 27 رکنی بلاک میں 2020ء میں کورونا وائرس کے باعث نئی کاروں کی خریداری میں تیزی سے کمی آئی۔

سال 2020ء کے دوران یونین کے رکن ممالک میں ایک کروڑ سے بھی کم گاڑیاں فروخت ہوئیں جو 2019ء کے مقابلے میں 30 لاکھ کے قریب کم ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

کیا یورپ باقی دنیا سے پہلے برقی کاروں پر منتقل ہو جائے گا؟

یورپی ایئرپورٹس سے مسافروں کی آمدورفت میں ایک ارب 72 کروڑ کمی

یورپی یونین کو سب سے زیادہ برآمدات، چین نے امریکا کو پیچھے چھوڑ دیا

آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ کورونا ایس او پیز کے باعث جنوری 2021ء کے دوران بھی نئی کاروں کی خرید میں کمی آئی اور پورے مہینے کے دوران 27 رکن ممالک میں کل سات لاکھ 26 ہزار 491 گاڑیاں فروخت ہوئیں جبکہ جنوری 2020ء کے دوران 9 لاکھ 56 ہزار 447 یونٹ فروخت کیے گئے تھے۔

سپین میں نئی گاڑیوں کی خریداری میں سب سے زیادہ 51.5 فیصد کمی ہوئی، جرمنی 31.2 فیصد کے ساتھ دوسرے جبکہ بیلجیم 27.2 فیصد کمی کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا تاہم سویڈن میں گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 22.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بلاک سے ہٹ کر سب سے زیادہ کمی برطانیہ میں ہوئی جس کی شرح 39.5 فیصد رہی، یہ ملک میں 1970ء کے بعد اب تک کی سب سے زیادہ کمی ہے۔

دوسری جانب سال 2020ء کے دوران یورپ میں پلگ اِن ہائبرڈ اور الیکٹرک کاروں کی مانگ میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے اور پچھلے برس دس لاکھ  سے زائد ایسی کاریں فروخت ہوئی ہیں، یہ یورپ میں کل فروخت ہونے والی کاروں کا 10 فیصد ہے۔

یورپین آٹو موبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق پلگ اِن ہائبرڈ اور بجلی سے چلنے والی کاروں کی سیل 2019ء کے تین لاکھ 87 ہزار 808 یونٹس سے بڑھ کر 2020ء کے اختتام تک 10 لاکھ 46 ہزار یونٹس تک پہنچ گئی۔

سیلف چارجنگ ہائبرڈ کاروں کی فروخت پچھلے برس 59 فیصد بڑھ کر 11 لاکھ 82 ہزار ہو گئی جب کہ ڈیزل اور پیٹرول کی گاڑیوں کی فروخت میں 37 فیصد اور 32 فیصد کمی ہوئی۔

پیٹرول سے چلنے والی کاریں اب بھی کل فروخت ہونے والی کاروں کا 48 فیصد ہیں۔ یورپ، خصوصاََ فرانس اور جرمنی میں کاربن کے اخراج کے قوانین پر عمل کرتے ہوئے کار بنانے والی کمپنیوں نے حکومتوں کی جانب سے کورونا بحران کے دوران دی گئی رعائتوں سے بھی فائدہ اٹھایا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here