اسلام آباد: گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک پاکستان میں عام آدمی کیلئے بینکاری کو آسان بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔
جمعرات کو روشن ڈیجیٹل اکائونٹ سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اور وزارت خزانہ نے روشن ڈیجیٹل اکاونٹ سے متعلق ٹیکس معاملات کو حل کرنے میں سہولیات فراہم کرکے سمندر پار پاکستانیوں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔
گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن سے روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کامیاب ہوا ہے، اب تک 88 ہزار اکائونٹ سے اگر 500 ملین ڈالر کی ترسیلات ہوئی ہیں تو اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کتنی گنجائش موجودہے، بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کو آزمانا چاہئیے، انہیں مایوسی نہیں ہو گی۔
یہ بھی پڑھیے:
روشن ڈیجیٹل اکائونٹس سے صرف چھ ہفتوں میں 24 کروڑ ڈالر موصول
روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ، اوورسیز پاکستانیوں کو کون کون سے سہولیات میسر ہوں گی؟
حکومت نے روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹس کیلئے سادہ اور سہل ٹیکس نظام کا اعلان کر دیا
انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ سے متعلق ٹیکسیشن کے مسائل کو حل کر لیا گیا ہے، سمندر پار پاکستانیوں کو سرمایہ کاری پر صرف سورس پر ٹیکس دینا ہو گا، انہیں منافع پر ریٹرن فائل کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی، روشن ڈیجیٹل اکائونٹ سے ترسیلات پر بینکوں کے اخراجات پانچ سے لیکر 9 ڈالرتک آئیں گے۔
رضا باقر نے کہا کہ یورپ اور برطانیہ سے درخواستیں آتی تھی کہ نیا پاکستان سرٹیفیکٹ یورو اور پائونڈ کے ڈی نومینیشن میں جاری ہونا چاہئیے، اس مطالبہ پر نیا پاکستان سرٹفیکیٹ اب یورو اور پائونڈ ڈی نومینیشن میں دستیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عنقریب روشن ڈیجیٹل اکائونٹ سے منسلک بینکوں کی تعداد 15 ہو جائے گی، اس وقت سمندر پار پاکستانیوں کی تعداد 70 لاکھ سے 90 لاکھ تک ہے جبکہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے حامل سمندر پار پاکستانیوں کی تعداد ابھی 88 ہزارہے، اس ضمن میں بہت زیادہ استعداد موجود ہے، بینکوں کو اس استعداد سے بھرپوراستفادہ کرنا چاہیے۔
گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سٹیٹ بینک کوعام آدمی کو آسانیاں فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی، سٹیٹ بینک اپنا کردار ادا کر رہا ہے، روشن ڈیجیٹل اکائونٹ اور سستے گھروں کیلئے رعایتی قرضہ جات کی فراہمی اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔ سٹیٹ بینک میں عام آدمی کیلئے بینکاری کو آسان بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔