واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع نے انکشاف کیا ہے کہ تقریباََ ایک تہائی امریکی فوجیوں نے کورونا وائرس سے بچاﺅ کی ویکسین لگوانے سے انکار کر دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق محکمہ دفاع کے عہدیدار میجر جنرل جیف تالیافیرو نے گزشتہ روز امریکی کانگریس میں سماعت کے دوران انکشاف کیا کہ امریکی محکمہ دفاع فوجیوں کی کورونا ویکسین کےانتخاب کے حوالہ سے درجہ بندی کر رہا ہے کیونکہ انہیں فیڈرل ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی جانب سے ویکسینز کی مکمل منظوری حاصل نہیں ہوئی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ویکسینز کی قبولیت کی شرح امریکہ میں دو تہائی ہے اور یہ بہت ابتدائی اعداوشمارہیں۔
محکمہ دفاع کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ فوج میں کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے کی شرح کم ہے لیکن 9 لاکھ 16 ہزار 500 سے زیادہ فوجیوں کو ویکسین لگا دی گئی ہے۔
جان کربی کا کہنا تھا کہ ویکسین لگوانے سے انکار کی شرح عام آبادی کے برابر ہے جہاں ویکسین وسیع پیمانے پر دستیاب نہیں ہے۔
محکمہ دفاع کے ترجمان نے کہا کہ رواں ہفتے کے اختتام تک دس لاکھ سے زیادہ فوجیوں کو ویکسین لگائی جائے گی، چونکہ ویکسین کی صرف ہنگامی بنیادوں پر استعمال کی منظوری دی گئی ہے اس لیے اسے لوگوں پر مسلط نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں ایک قانونی حد ہے جسے فوجیوں اور ان کے خاندانوں کے لیے لازمی اختیار کرنا ہو گا حالانکہ وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کورونا وائرس سے بچاﺅ کی ویکسین لگوا لی ہے۔