اسلام آباد: سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے کہا ہے کہ حکومت کی سبسڈی سکیم کے تحت گھروں کی تعمیر کیلئے قرضوں کے حصول کے طریقہ کار میں آسانی سے قرضے کے درخواست دہندگان کو سہولت حاصل ہو گی۔
سٹیٹ بینک کے مطابق اس وقت ہائوسنگ فنانس اور بالخصوص سستے گھر تعمیر کرنے کے خواہشمند درخواست دہندگان کو مشکلات کا سامنا تھا کیونکہ نامکمل گھروں یا کاغذات پر قرضہ کی فراہمی پر ہچکچاہٹ کا شکار تھے۔
واضح رہے کہ گھر کی تعمیر اور مورٹگیج کی تکمیل کیلئے وقت درکار ہوتا ہے۔ اس مسئلہ کو ختم کرنے اور قرضوں کی فراہمی، حصول میں آسانی اور سہولت کیلئے سٹیٹ بینک نے ایک سال کے عرصہ کے لیے تیسرے فریق کی ذاتی ضمانت کو قبول کرنے کی اجازت دے دی ہے تاکہ گھر کی تعمیر اور اس کو رہن رکھنے کی کارروائی کو مکمل کیا جا سکے۔
مرکزی بینک کے اس اقدام سے قابل استعداد قرض خواہوں کو سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے 12 اکتوبر 2020ء کو شروع کی گئی حکومت کی سستے گھروں کی تعمیر کے لیے رعایتی شرح پر قرضے حاصل کرنے میں سہولت ہوگی جبکہ قرضہ کے اجرا کے حوالہ سے بینکوں کے خدشات کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی۔