سویڈش کمپنیوں کو الیکٹرک وہیکلز، موبائل فون مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری کی دعوت

نجی شعبہ کے درمیان مشترکہ منصوبہ سازی سے باہمی تجارت کو فروغ حاصل ہو گا، ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی میں بھی مدد ملے گی، سویڈن کے سفیر کی صدر لاہور چیمبر طارق مصباح سے ملاقات

628

لاہور: سویڈن کے سفیر ہینرک پرسون نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے نجی شعبہ کے درمیان ڈیری، ٹیکنیکل ایجوکیشن، ماحولیات، ٹیلی کام، قابل تجدید توانائی اور دیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی سے نہ صرف باہمی تجارت بڑھے گی بلکہ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی میں بھی مدد ملے گی۔

سویڈن کے سفیر ہینرک پرسون نے جمعرات کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے صدر میاں طارق مصباح سے ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سویڈن اور پاکستان کے درمیان دیرینہ سفارتی، تجارتی و معاشی تعلقات ہیں، پاکستانی معیشت میں سویڈن کا کردار اہم ہے کیونکہ وہاں کی بڑی کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے کاروباری آسانیوں کے حوالے سے درجہ بندی میں بہتری پر پاکستان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان مضبوط تعلقات سے تجارت و سرمایہ کاری کی صورت حال مزید بہتر ہو گی۔

لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ سویڈن کو پاکستان سے درآمدات میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ تجارت متوازن ہو سکے۔ گزشتہ دو سالوں سے باہمی تجارت میں کمی ہو رہی ہے۔

میاں طارق مصباح نے کہا کہ 2018-19ء کے دوران پاکستان اور سویڈن باہمی تجارت کا حجم 39 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تھا جو اب کم ہو کر 33 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہ گیا ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سویڈن کو برآمدات میں ملبوسات، لیدر، چاول،کھیلوں کا سامان اور کپاس وغیرہ جبکہ درآمدا ت میں آئرن سکریپ، پیپر اینڈ بورڈ، کیمیکلز اور سیلولر فون وغیرہ شامل ہیں۔

صدر لاہور چیمبر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارما سیوٹیکلز، قابل تجدید توانائی، زرعی ٹیکنالوجی اور ہائر ایجوکیشن کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانا چاہیے۔

لاہور چیمبر کے صدر نے سفیر کو آگاہ کیا کہ حال ہی میں حکومت پاکستان نے موبائل فونز اور الیکٹرک وہیکلز کے لیے پالیسی فریم ورک تشکیل دیا ہے لہٰذا سویڈن کی کمپنیوں کے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ پاکستان میں مینوفیکچرنگ یونٹس لگا کر اس پالیسی فریم ورک سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان بھر میں خصوصی اکنامک زونز قائم کیے جا رہے ہیں جن میں نہ صرف ضروری انفراسٹرکچر پر توجہ دی جا رہی ہے بلکہ حکومت مقامی و غیرملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی ٹیکس مراعات کی پیشکش بھی کر رہی ہے، سفارتخانہ سویڈن کی کمپنیوں کو ان سے آگاہ کرنے کے لیے کردار ادا کرے۔

میاں طارق مصباح نے کہا کہ لاہور چیمبر یورپی ممالک کے لیے ایک تجارتی وفد کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، سویڈن بھی ان میں شامل ہے۔ انہوں نے سویڈن کے سرمایہ کاروں کو گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی بھی دعوت دی۔

ملاقات کے موقع پر لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی اراکین حاجی محمد آصف سحر، واصف یوسف، مردان علی زیدی اور سابق نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here