پی ایس ایل 2021ء: ٹکٹوں کی قیمتوں اور تماشائیوں کیلئے پروٹوکولز کا اعلان

268

کراچی : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی جانب سے 20 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت کے بعد پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ 2021ء کے لیگ میچز کیلئے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔ کوالیفائر، دونوں ایلیمنٹرز اور فائنل کی ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایونٹ کے لیگ میچز 20 فروری سے 16 مارچ تک کراچی اور لاہور میں جاری رہیں گے۔ 18 سے 22 مارچ تک کھیلے جانے والے پلے آف مرحلے کے لیے ٹکٹوں کی تفصیلات ان میچز سے قبل جاری کر دی جائیں گی۔ کرکٹ شائقین کیلئے لیگ میچز کی ٹکٹیں بک می کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔

ٹکٹنگ پارٹنر کی اس ویب سائٹ پر آن لائن ٹکٹوں کی فروخت بدھ کی صبح 10 بجے شروع ہو گی۔ بک می ڈاٹ پی کے نے شائقین کی سہولت کیلئے ایک فون نمبر (03137786888) بھی مخصوص کر دیا ہے جہاں کوئی بھی شخص فون کال کر کے اپنا ٹکٹ خرید سکتا ہے۔

اس عمل کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبر دینا لازمی ہو گا۔ جب مذکورہ شخص کی ٹکٹ کنفرم کردی جائے گی تو اسے اپنے رجسٹرڈ کروائے گئے فون نمبر پر ایک ٹوکن نمبر بھیجا جائے گا جس پر ایزی پیسہ یا جاز کیش کے ذریعے ٹکٹ کی رقم جمع کروائی جاسکے گی۔ رقم جمع کروانے پر مذکورہ شخص کو ایک ای ٹکٹ کوڈ بھجوایا جائے گا جس کا پرنٹ یا ایس ایم ایس دکھا کر اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

پی سی بی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فیملیز کے لیے چند انکلوژرز مخصوص کر دئیے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فیملیز کے لئے مخصوص انکلوژرز میں حنیف محمد (وی آئی پی انکلوژر)، وسیم اکرم (پریمیئم انکلوژر)، ظہیر عباس، اقبال قاسم اور نسیم الغنی (فرسٹ کلاس انکلوژرز) اور انتخاب عالم انکلوژر (جنرل) شامل ہیں۔

اسی طرح قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فضل محمود (وی آئی پی انکلوژر)، سعید انور (پریمیئم انکلوژر)، عبد القادر(فرسٹ کلاس انکلوژر) اور نذر محمد، ظہیر عباس اور ماجد خان (جنرل انکلوژر) کو فیمیلز کیلئے مخصوص کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پی ایس ایل 6 کے آن لائن ٹکٹ کہاں سے ملیں گے؟

20 فروری بروز ہفتہ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں شام سات بجے مدمقابل آئیں گی، اس میچ کیلئے وی آئی پی اسٹینڈز (حنیف محمد اور جاوید میانداد انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت پانچ ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ فرسٹ کلاس اسٹینڈز کی قیمت (ظہیر عباس ، آصف اقبال، وقار حسن ، ماجد خان، اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت چار ہزار روپے ہو گی۔

اسی طرح پریمیئم اسٹینڈز (قائد، وسیم اکرم اور عمران خان انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت تین ہزار روپے رکھی گئی ہے جبکہ جنرل اسٹینڈز (وسیم باری ، محمد برادرز اور انتخاب عالم انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت دو ہزار روپے طے کی گئی ہے۔

21 فروری بروز اتوار ڈبل ہیڈر میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے مابین میچز بالترتیب دوپہر دو بجے اور شام سات بجے شروع ہوں گے۔

اس روز وی آئی پی اسٹینڈز (حنیف محمد اور جاوید میانداد انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت چار ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ فرسٹ کلاس اسٹینڈز (ظہیر عباس ، آصف اقبال ، وقار حسن ، ماجد خان ، اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت تین ہزار روپے ہو گی۔

اسی طرح پریمیئم اسٹینڈ (قائد ، وسیم اکرم اور عمران خان انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت دو ہزار روپے ہو گی جبکہ جنرل اسٹینڈز (وسیم باری ، محمد برادرز اور انتخاب عالم انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار روپے ہو گی۔

پیر سے بدھ (22 سے 24 فروری) تک ہونے والے میچوں کے لئے وی آئی پی اسٹینڈز (حنیف محمد اور جاوید میانداد انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت تین ہزار روپے ہو گی جبکہ فرسٹ کلاس اسٹینڈز (ظہیر عباس ، آصف اقبال ، وقار حسن ، ماجد خان، اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت دو ہزار روپے ہو گی۔

اسی طرح پریمیئم اسٹینڈز(قائد، وسیم اکرم اور عمران خان انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار روپے ہو گی جبکہ جنرل اسٹینڈز (وسیم باری ، محمد برادرز اور انتخاب عالم انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت پانچ سو روپے ہو گی۔

لاہور میں پی ایس ایل کا پہلا میچ 10 مارچ کو کھیلا جائے گا جہاں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ اس کیلئے وی آئی پی اسٹینڈز (عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت تین ہزار روپے ہو گی ، فرسٹ کلاس اسٹینڈز (عبدالقادر اور سرفراز نواز انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت دو ہزار روپے ہو گی۔

اسی طرح پریمیئم اسٹینڈز (اے ایچ کاردار، راجاز، جاوید میانداد اور سعید انور انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار روپے جبکہ جنرل اسٹینڈز(انضمام الحق ، نذر، قائد، امتیاز احمد، ظہیرعباس، حنیف محمد، ماجد خان، سعید احمد انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت پانچ سو روپے ہو گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے کہا ہے کہ وزارت صحت اور این سی او سی کے تعاون کے بغیر پی ایس ایل 2021ء میں شائقین کو اسٹیڈیم لانا ممکن نہ تھا۔ ہم پرامید ہیں کہ شائقین کرکٹ این سی او سی کے فیصلے کا احترام کریں گے اور سماجی فاصلے سے متعلق تمام پروٹوکولز پر عملدرآمد کریں گےجس کی بنیاد پر ہی ایونٹ کے آخری چار میچز میں تعداد بڑھانے کا فیصلہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تماشائیوں کے لیے این سی او سی سے منظور شدہ ایس او پیز میں حفظان صحت کے لئے صابن اور پانی سے 20 سیکنڈز تک ہاتھ دھویں، ہینڈ جیل کا استعمال کریں (ستر فیصد الکوحل والی یا متبادل)، چھینکتے یا کھانستے وقت ٹشو پیپر کا استعمال کریں، اس کے بعد ہاتھوں کو اچھی طرح صاف کریں، چہرے اور ناک کو چھونے سے گریز کریں اور اسٹیڈیم کے اندر تھوکنے پر پابندی پر عملدرآمد کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم میں بیٹھے ہوئے میڈیکل ماسک پہننا لازمی ہو گا۔ اسٹیڈیم میں میڈیکل ماسک موجود ہوں گے۔ ضابطہ اخلاق کے تحت ماسک کے بغیر اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اسٹیڈیم میں داخلے اور سیٹ پر بیٹھے ہوئے اپنے چہرے کو ماسک سے ڈھانپے رکھیں۔ اسٹیڈیم میں موجود عملے سے اپنے اسٹینڈز میں داخلے کی جگہ کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرلیں۔

پی سی بی عہدیدار کا کہنا تھا کہ کوویڈ-19 کی کوئی بھی علامت ظاہر ہو تو برائے مہربانی اسٹیڈیم کا رخ مت کریں۔ اگر اسٹیڈیم میں بیٹھے آپ کو کوئی بھی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر وہاں موجود انتظامی عملے کو مطلع کریں۔ اسٹیڈیم میں بیٹھے ہوئے سماجی فاصلے کا مکمل خیال رکھیں اور ببل میں موجود کسی بھی فرد سے دور رہیں۔ ہر وقت اپنی نشست پر موجود رہیں سوائے ریسٹ رومز یا اسٹیڈیم سے باہر نکلتے وقت وہاں موجود عملے سے مزید رہنمائی حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ دو افراد یا ہر گروپ کے درمیان دو سیٹوں کا فاصلہ رکھیں۔ کوئی بھی گروپ صرف ایک گھر میں رہنے والے افراد پر مشتمل ہو سکے گا، سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ضروری ہو گا۔ دو قطاروں کے درمیان ایک قطار خالی رکھنا ضروری ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیملیز کے لیے مخصوص اسٹیڈز کی ٹکٹ ہی صرف فیملیز کو فروخت کی جا سکے گی۔ ٹکٹ خریدنے کے لیے ہر فرد کو اپنی درکار تمام تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی تاکہ ٹریک اینڈ ٹریسنگ ممکن ہو سکے۔ ٹکٹ صرف آن لائن فروخت ہو گی اور سیکورٹی گارڈز تماشائیوں کے بیٹھنے میں ان کی رہنمائی کریں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here