سات ماہ کے دوران پاکستان میں کتنے لاکھ موٹر سائیکل فروخت ہوئے؟

1260

اسلام آباد: جاری مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی سات ماہ کے دوران ملک میں موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18.16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آل پاکستان آٹومینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لیکر جنوری 2021ء تک کی مدت میں ملک میں 11 لاکھ 12 ہزار 58 یونٹ موٹر سائیکلوں اور رکشوں / تھری ویلرز کی پیداوار جبکہ 11 لاکھ 13 ہزار 435 یونٹ کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18.16 فیصد زیادہ رہی۔

گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی سات ماہ کے دوران ملک میں 9 لاکھ 49 ہزار 547 یونٹ موٹرسائیکلوں اور رکشوں/تھری ویلرز کی پیداوار اور 9 لاکھ 42 ہزار 265 یونٹ کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے:

سات ماہ کے دوران پاکستان میں 81 ہزار 569 کاریں فروخت

سال 2020ء: ملک بھر میں کتنی کاریں فروخت ہوئیں؟

رواں سال پاکستان میں کون کون سے ماڈل کی گاڑیاں متعارف کرائی جائیں گی؟

اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2021ء میں ملک میں ایک لاکھ 62 ہزار 308 یونٹ موٹر سائیکلوں اور رکشوں/تھری وہیلرز کی پیداوار اور ایک لاکھ 62 ہزار 564 یونٹ کی فروخت ریکارڈ کی گئی، یہ شرح جنوری 2020ء کے مقابلہ میں 14.12 فیصد زیادہ رہی۔

گزشتہ سال جنوری میں ملک میں ایک لاکھ 39 ہزار 940 یونٹ موٹر سائیکلوں اور رکشوں/تھری وہیلرز کی پیداوار اور ایک لاکھ 42 ہزار 445 یونٹ کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

دوسری جانب جاری مالی سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران کاروں کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے اعدادوشمار کے مطابق کاروں کی مجموعی فروخت گزشتہ مالی سال کے پہلے سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے 69 ہزار 189 یونٹس کے مقابلے میں رواں مالی سال کی اسی مدت میں 81 ہزار 569 یونٹ رہی۔

ماہانہ اعتبار سے دیکھا جائے تو جنوری 2020 ء میں 10 ہزار 95 کاروں کے یونٹس کی فروخت کے مقابلے میں جنوری 2021ء میں کاروں کی فروخت 14 ہزار 543 یونٹ ریکارڈ کی گئی۔

جولائی تا جنوری کے دوران جیپوں کی فروخت میں 137 فیصد جبکہ پک اَپس کی فروخت میں 32 فیصد، ٹو اور تھری وہیلرز کی فروخت میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔ جنوری 2021ء میں ہائی لکس اور ایس یو ویز کی فروخت میں بالترتیب پانچ فیصد اور 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here