پرائس کنٹرول کیلئے پی بی ایس کو اضلاع کی درجہ بندی کی ہدایت

وزیر خزانہ کی آٹے کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنانے اور ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے تدارک کیلئے صوبوں اور ضلعی انتظامیہ کو قیمتوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت

447

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے ملک میں بھر میں آٹے کی بلارکاوٹ فراہمی یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ محکموں کو تمام ضروری انتظامی اقدامات اور ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے تدارک کیلئے صوبوں اور ضلعی انتظامیہ کو قیمتوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔

سوموار کو وزیر خزانہ کی زیر صدارت اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی نگرانی کیلئے قائم قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ہفتہ کے دوران روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء بالخصوص آٹا، چکن، چینی اور خوردنی تیل کی قیمتوں کے رحجانات کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ گزشتہ ہفتہ کے دوران عام آدمی کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.81 فیصد کا اضافہ ہوا، ہفتہ رفتہ میں چھ اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے سیکرٹری نے ملک میں گندم کے ذخائر کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ ملک بھر میں گندم کے مناسب ذخائر موجود ہیں، انہوں نے صوبوں کی جانب سے گندم کے یومیہ اجراء کی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک بھر میں گندم کی دستیابی اور فراہمی کی صورتحال تسلی بخش ہے۔

سیکرٹری خوراک حکومت بلوچستان نے اجلاس کو بتایا کہ پاسکو سے 20 ہزار میٹرک ٹن گندم فوری طور پر اٹھانے کیلئے انتظامات کر دئیے گئے ہیں۔

وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ جاری سیزن میں گنے کی تقریباََ 80 فیصد کرشنگ مکمل ہو چکی ہے، کیری اوورسٹاک اور حالیہ کرشنگ سے آنے والے مہینوں میں چینی وافر مقدار میں دستیاب ہو گی۔

وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے متعلقہ صوبائی حکومتوں کو مستقبل میں چینی کی ضروریات کے تخمینہ جات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تاکہ سال بھر کیلئے چینی کی فراہمی کی موثر منصوبہ بندی کی جا سکے۔

وفاقی وزیر حماد اظہر نے ملک بھر میں رعایتی نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی فراہمی کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ اس سے ضروری اشیاء سے متعلق پانچ  فیصد صارف طلب کو پورا کرنے میں مدد ملی ہے۔

کمیٹی نے پاکستان بیورو برائے شماریات کو قیمتوں پر قابو پانے کے ضمن میں ضلعوں کی درجہ بندی کی ہدایت کی تاکہ صوبے اس کے مطابق ضروری اقدامات کر سکیں۔

وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ملک میں بھر میں آٹے کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ محکموں کو تمام ضروری انتظامی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے تدارک کیلئے صوبوں اور ضلعی انتظامیہ کو قیمتوں کی کڑی نگرانی کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق  دائود، معاون خصوصی محصولات ڈاکٹر وقار مسعود، سیکرٹری خوراک، سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار، چئیرمین ایف بی آر، ممبر مسابقتی کونسل، ایم ڈی پاسکو، ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز، چئیرمین ٹریڈنگ کارپوریشن اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here