جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ اور وائس سروسز بہتر بنانے کیلئے پی ٹی اے کا سروے

646

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ اور وائس سروسز کو مزید بہتر بنانے کے لئے کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) سروے شروع کر دیا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم کے جنوبی وزیرستان کے دورہ کے تناظر میں 20 جنوری 2021ء کو ضلع میں موبائل فون آپریٹرز (سی ایم اوز) کو متعلقہ علاقوں میں ڈیٹا سروسز کی بحالی کی ہدایات جاری کی گئیں۔

اس کے بعد 25 سے 29 جنوری 2021ء تک پی ٹی اے اور سی ایم اوز کی مشترکہ ٹیموں نے جنوبی وزیرستان کے علاقوں وانا، اعظم ورسک، کنئی، کرم، ماکن، شکئی، سرا روغہ، تانائی ور تیارزا میں سروس کے معیار کو جانچنے کے لئے سروے کیا۔ ان علاقوں میں فی الحال جاز تھری جی اور ٹو جی اور یوفون ٹو جی کی خدمات دستیاب ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

خیبرپختونخوا میں 16 ارب کے 38 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

وزیراعظم کا جنوبی وزیرستان میں تھری جی، فور جی انٹرنیٹ سروس کھولنے کا اعلان

سروے کے نتائج کے مطابق جاز کی ڈیٹا سروسز کم از کم لائسنس تھریش ہولڈ کی متناسب سطح پر پائی گئیں جبکہ دونوں آپریٹرز کا چند علاقوں میں آواز اور ایس ایم ایس کا معیار لائسنس میں طے شدہ معیار سے قدرے کم پایا گیا۔ اس حوالے سے سی ایم اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15 دن کے اندر اندر نشاندہی کردہ خامیوں کے ازالے کے لئے اقدامات کریں۔

سروے کے دوران علاقے میں ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی توسیع کی ضرورت کے بارے میں بھی نشاندہی کی گئی۔ آپریٹرز سے نہ صرف ان سے متعلقہ خدمات کو اپ گریڈ کرنے کے لئے کہا جائے گا یعنی ٹو جی سائیٹس کو تھری جی اور تھری جی سائیٹس کو فور جی تک بڑھانا بلکہ مزید سائیٹس کے اضافے پر بھی غور کیا جائے تاکہ صارفین کے لئے بہتر آواز اور ڈیٹا خدمات کو ممکن بنایا جا سکے۔

پی ٹی اے کے مطابق مذکورہ اقدامات کے بعد علاقہ میں انٹرنیٹ خدمات میں بہتری متوقع ہے، علاقے میں فکسڈ لائن، براڈ بینڈ خدمات کے دوبارہ آغاز کے لئے اقدامات جاری ہیں۔

پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے توقع ظاہر کی ہے کہ براڈ بینڈ خدمات کی فراہمی سے نہ صرف مقامی کمیونٹی کو فائدہ ہوگا بلکہ طلبہ کی انٹرنیٹ کے حوالے سے ضروریات بھی پوری ہو سکیں گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here