لاہور: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے نرخوں میں 1.95 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی جس سے صارفین پر مجموعی طور پر 200 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباََ دو دہائیوں میں پہلی بار ہر مہینے 50 یونٹ تک کے استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین کے لیے بھی نرخ بڑھ کر 3.95 روپے فی یونٹ ہو گیا ہے جو موجودہ دو روپے فی یونٹ ہے تاہم کے الیکٹرک کے صارفین کو ٹیرف سے استثنیٰ ہو گا۔
ٹیرف میں اضافے کو فوری طور پر پاور ڈویژن نے نوٹیفائی کردیا جس میں کہا گیا تھا کہ ملک بھر میں یکساں نرخوں کو برقرار رکھنے کے لیے ٹیرف میں اضافہ کراچی کے کے الیکٹرک پر بھی لاگو ہوتا ہے۔
نیپرا کا فیصلہ وفاقی کابینہ کی 15 جنوری 2021ء کی ہدایت پر مبنی ہے جس میں نیپرا ایکٹ کی دفعہ 31 (4) کے تحت 185 ارب روپے کے ٹیرف کے ہدف میں فرق کی سبسڈی کے ساتھ ساتھ فی یونٹ 1.95 روپے اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔
ٹیرف میں اضافے سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے ذریعے تقریبا 200 ارب روپے کی آمدنی یقینی ہوگی۔ ریگولیٹر کی جانب سے حالیہ دنوں میں طے شدہ نرخوں میں یہ تیسرا اضافہ ہے۔
10 فروری 2021ء کو ریگولیٹر نے رواں ماہ فی یونٹ ماہانہ فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ کے لیے 1.54 روپے وصول کرنے کی اجازت دی تھی۔