اسلام آباد: پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائرمیں جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ (جولائی تا جنوری) میں 6.28 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے دستیاب اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر جنوری کے اختتام تک ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ارب 11 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ مالی سال کے اختتام پر زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کا حجم 18 ارب 88 کروڑ 60 ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جس میں سے سٹیٹ بینک کے پاس 12 ارب 13 کروڑ 20 لاکھ ڈالر اور بینکوں کے پاس چھ ارب 75 کروڑ 40 لاکھ ڈالر موجود تھے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق 4 فروری 2021ء کو ختم ہونے والے ہفتہ کے اختتام پر زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کا حجم 20 ارب 7 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں سٹیٹ بینک کے پاس 12 ارب 94 کروڑ 91 لاکھ ڈالر جبکہ بینکوں کے پاس سات ارب 12 کروڑ 40 لاکھ ڈالر موجود ہیں۔
دوسری جانب سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ہفتہ وار بنیاد زرِمبادلہ ذخائر میں 0.63 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور 4 فروری 2021 کو اختتام پذیر کاروباری ہفتے کے دوران سٹیٹ بینک کے پاس 12 ارب 94 کروڑ 91 لاکھ ڈالر تھے جو گزشتہ ہفتے کے 13 ارب تین کروڑ 12 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 8 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کم ہیں۔
مرکزی بینک کے مطابق بیرونی ادائیگیوں کی وجہ سے زرِمبادلہ ذخائر میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔