اسلام آباد: تاجر، کاروباری برادری اور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ایف بی آر ٹیکس پالیسی یونٹ کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ٹیکس اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کی سمت میں اہم قدم ہے۔
ایف بی آر کے پالیسی بورڈ کے اجلاس میں جمعرتا کو وزارت خزانہ کے انتظامی کنٹرول سے آزاد ٹیکس پالیسی یونٹ کے قیام کی منظوری دی گئی تھی، ٹیکس پالیسی یونٹ وزارت تجارت کے تحت قائم نیشنل ٹیرف کمیشن کے خطوط پر کام کرتے ہوئے اندرونی محصولات میں اضافہ کیلئے پالیسی سفارشات تیار کرے گا۔
ٹیکس پالیسی یونٹ کیلئے نیا ڈھانچہ قائم ہو گا جس میں ایف بی آر کے ممبران سمیت تعلیم، تھینک ٹینکس اور نجی شعبہ کے مالی اور زری ماہرین شامل ہوں گے، ممبران محصولات میں اضافہ کیلئے خودمختاری کے ساتھ جامع تجاویز اور سفارشات مرتب کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے:
ایف بی آر: سات ماہ میں 2570 ارب روپے ٹیکس جمع، ریفنڈز میں 80 فیصد اضافہ
وزارت خزانہ کے انتظامی کنٹرول سے آزاد ٹیکس پالیسی یونٹ کے قیام کی منظوری
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس کے مطابق آزادانہ ٹیکس پالیسی تاجر اور کاروباری برادری کا ایک دیرینہ مطالبہ رہا ہے۔ ٹیکس پالیسی یونٹ کے قیام کی منظوری شعبہ میں اصلاحات کی سمت میں اہم قدم ہے۔ اس سے محصولات اکھٹا کرنے والے اداروں کی جانب سے تاجروں کو ہراساں کرنے کی حوصلہ شکنی ہو گی جبکہ محصولات میں اضافہ بھی ممکن ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دیرپا اور پائیدار اقتصادی ترقی اور خوشحالی کیلئے تاجر اور کاروباری برادری ٹیکس دینا چاہتی ہے تاہم یہ امر ضروری ہے کہ ٹیکس کا نظام منصفانہ اور تاجر، کاروبار و ٹیکس دہندگان کیلئے باسہولت ہو، ٹیکس کے شعبہ میں اصلاحات کا تسلسل جاری رکھنا ہو گا۔
راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر راشد ابراہیم نے بتایا کہ ٹیکس بارز کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ ٹیکس پالیسی کو ٹیکس اکھٹا کرنے والے اداروں کے انتظامی کنٹرول سے آزاد رکھنا چاہئیےجو ادارے محصولات اکھٹا کر رہے ہیں اُن کی ساری توجہ کلیکشن پر ہوتی ہے اور یہ ادارے ٹیکس دہندگان کیلئے دوستانہ پالیسی تیار نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس پالیسی یونٹ میں ایسے لوگوں کو شامل کرنا چاہیے جن کے پاس مطلوبہ مہارت اور تجربہ موجود ہو، ٹیکس پالیسی یونٹ کو ایف بی آر کے کنٹرول سے بھی باہر ہونا چاہیے۔ ٹیکسوں کے حوالے سے پالیسی آزادانہ طور پر بنانے کیلئے اقدامات خوش آئند ہیں اور یہ سلسلہ جاری رکھنا چاہیے۔
ایف بی آر کے سابق چئیرمین شبر زیدی نے ٹیکس پالیسی یونٹ کے قیام پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس پالیسی انتظامی نہیں بلکہ اقتصادیات سے منسلک معاملہ ہے۔ ٹیکس پالیسی کو ایف بی آر سے علیحدہ کرنے کا اقدام خوش آئند ہے ، پاکستان عبدالحفیظ شیخ کو یاد رکھے گا۔