اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ گروپ نے محدود ماحول میں فائیو جی ٹیکنالوجی کا ٹرائل کامیابی سے مکمل کر لیا۔
گزشتہ روز جاری کردہ بیان کے مطابق ٹرائل کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے بھی شرکت کی۔ فائیو جی کا ٹرائل نان کمرشل بنیادوں پر محدود پیمانے پر کیا گیا ہے۔
تقریب سید امین الحق اور دیگر شخصیات کو فائیو جی کے استعمال کا براہ راست منظر نامہ کا جائزہ پیش کیا گیا جس میں پاکستان میں کسی اور مقام سے سرجری، کلاﺅڈ گیمنگ اور متوقع فائیو جی ٹیکنالوجی کی حامل ایپلی کیشنز شامل تھیں۔
یہ بھی پڑھیے:
پی ٹی سی ایل گروپ کے منافع میں 38 فیصد اضافہ
پاکستان میں فائیوجی ٹیکنالوجی کب متعارف کرائی جائیگی؟
چین 2021ء میں چھ لاکھ فائیوجی بیس سٹیشن قائم کرے گا
مزید برآں پی ٹی سی ایل گروپ نے ایک محدود ماحول میں فائیو جی ٹرائل کے دوران 1.685 جی بی تک تیز ترین ڈیٹا ریٹ کے ساتھ ڈاﺅن لوڈ سپیڈ حاصل کی۔
بیان میں بتایا گیا کہ پی ٹی سی ایل گروپ نے ٹرائل کے دوران فائیوجی ریموٹ سرجری کا مظاہرہ کیا جس سے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ایک بار ایکو سسٹم تشکیل دینے کے بعد ڈاکٹر کسی بھی جگہ سے دور دراز مقامات پر سرجریز کرسکیں گے، جس سے نئے سماجی اور معاشی مواقع پیدا ہوں گے اور ڈیجیٹل پاکستان کے خواب کو تعبیر دینا ممکن ہوسکے گا۔
بیان کے مطابق فائیوجی سے پاکستان میں صنعتوں اور انفرادی طور پر لوگوں کو ترقی کرنے کے زیادہ مواقع مل سکیں گے، یہ ٹیکنالوجی دور دراز مقامات پر تعلیم، عوامی تحفظ، صحت، ٹرانسپورٹیشن سمیت دیگر شعبوں میں انقلاب برپا کرسکے گی۔