وزیرِاعظم نے 75 ارب کے نالہ لئی توسیعی منصوبہ کی منظوری دیدی

منصوبہ دو سال میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کیا جائے گا، نالہ لئی کے دونوں اطراف ایکسپریس وے تعمیر کی جائے گی اور سرکاری زمین پر دو مالز بھی بنائے جائیں گے

170

اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان نے نالہ لئی توسیعی منصوبہ کی منظوری دیتے ہوئے فوری کام شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

وزیراعظم نے جمعرات کو نالہ لئی منصوبے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس کی منظوری دی، اجلاس میں وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد اور سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی ڈاکٹر سلمان شاہ اور چیف سیکرٹری پنجاب نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اس منصوبے کا تخمینہ 75 ارب روپے لگایا گیا اور یہ دو سال میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کیا جائے گا، منصوبہ کے تحت نالہ لئی کے دونوں اطراف ایکسپریس وے تعمیر کی جائے گی اور سرکاری زمین پر دو مالز بھی بنائے جائیں گے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منصوبے کے ساتھ ساتھ متعلقہ علاقے کی زوننگ اور اس حوالے سے بائی لاز ( ذیلی قوانین) میں تبدیلی کا عمل بھی چند ہفتوں میں مکمل کیا جائے تاکہ ایکسپریس وے کے دونوں اطراف کثیرالمنزلہ اور کمرشل مارکیٹیں تعمیر ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے مسائل حل کرنا اوّلین ترجیح ہے، منصوبہ راولپنڈی شہر کی ٹرانسفارمیشن میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ وزیرِ اعظم کو راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے اور اس میں پیشرفت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here