حلال گوشت کی پیداوار میں پانچواں بڑا ملک پاکستان ایکسپورٹ میں 19ویں نمبر پر کیوں؟

پاکستان کی حلال گوشت کی برآمدات محض 24 کروڑ ڈالر، ملائیشیا اور تھائی لینڈ حلال گوشت کی نسبتاََ کم پیداوار کے باوجود پاکستان سے آگے، تھائی لینڈ دنیا کے حلال گوشت کا چھ فیصد مہیا کر رہا ہے

1797

فیصل آباد: پاکستان حلال گوشت پیدا کرنے والے ممالک کی فہرست میں پانچویں تاہم حلال گوشت برآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں 19ویں نمبر پر ہے۔

پاکستان اس وقت بحرین، متحدہ عرب امارات، کویت، عمان اور سعودی عرب کو 24 کروڑ 50 لاکھ سے زائد کا گوشت سالانہ برآمد کر رہا ہے تاہم 30 سے زائد ملکی کمپنیاں گوشت کی برآمد بڑھانے اور قطر کے علاوہ دیگر عالمی منڈیوں میں گوشت کی سپلائی کیلئے کوشاں ہیں لہٰذا اگر حکومت میٹ ایکسپورٹرز کو ضروری معاونت فراہم کرے تو پاکستانی حلال گوشت کی برآمد 50 کروڑ ڈالر سالانہ تک بڑھائی جا سکتی ہے۔

آل پاکستان حلال میٹ ایکسپورٹر ز اینڈ پروسیسرز ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق ملک کے اعلیٰ ایوانوں سے لے کر گھروں کے ڈرائنگ رومز تک اگر کوئی تجارتی شعبہ سب سے زیادہ زیربحث ہے تو وہ لائیوسٹاک کی پیداوار اور اس کی برآمدات ہیں، اس کی سب سے بڑی وجہ وزیراعظم عمران خان کی اس شعبے میں ذاتی دلچسپی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

سٹیٹ بینک، گوشت کی برآمد پر ایکسپورٹ ری فنانس کی اجازت

یو اے ای دنیا میں سب سے زیادہ پاکستانی گوشت درآمد کرنے والا ملک

گوشت کی مقامی مارکیٹ کاحجم 2025ء تک 1.8 کھرب روپے بڑھ جائے گا

انہوں نے کہا کہ پچھلے چند سالوں میں گوشت برآمد کرنے والی پاکستانی کمپنیوں نے اپنی مارکیٹنگ کو بہت زیادہ بڑھایا ہے جس کی بڑی وجہ ای کامرس کا بڑھتا ہوا رجحان ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گوشت کی پیداوار میں پانچویں نمبر پر ہونے کے باوجود ہم امریکا، یورپ اور بیشتر ایشیائی ممالک کو گوشت برآمد نہیں کر رہے جبکہ ہمارا ہمسایہ ملک ہندوستان دنیا میں گوشت کا دوسرا بڑا ایکسپورٹر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملائیشیا اور تھائی لینڈ میں حلال گوشت کی پیداوار پاکستان کی نسبت کم ہے جبکہ تھائی لینڈ دنیا کے حلال گوشت کا چھ فیصد مہیا کر رہا ہے، اگر ہم بیف کی بات کریں تو بیف کی برآمدات میں برازیل دنیا کے تمام ممالک پر بازی لے گیا ہے جس کے باعث برازیل کے بعد ہندوستان، آسٹریلیا اور امریکہ سرفہرست ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان بیف کی برآمدات میں چودھویں نمبر پر ہے اس لئے ملک میں گوشت کی پیداوار کو بڑھانے کیلئے لائیوسٹاک کے شعبہ پر تو جہ د ینا ناگزیرہے، حکومت لائیوسٹاک کے شعبے کو فروغ دے کر نہ صرف گوشت کی برآمد کو بڑھا سکتی ہے بلکہ قیمتی زرمبادلہ کما کر معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

ترجمان میٹ ایکسپورٹرز نے کہا کہ گوشت پروٹین اور وٹامنز کے براہ راست حصول کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اس لئے خوراک میں گوشت کی اہمیت سے کسی صورت کوئی ذی شعور انکار نہیں کر سکتا جبکہ گوشت لذت کے اعتبار سے ایک مثالی غذا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ رسم و رواج سے بالاتر ہو کر اب ضرورت اور انسانی خوراک کا سب سے بڑا جزو ہے اس لئے ہمیں گوشت کی برآمد بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ زر مبادلہ حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here