سال 2020ء: پی ٹی سی ایل گروپ کے منافع میں 38 فیصد اضافہ

1297

لاہور: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مالی سال 2020ء کے مالیاتی نتائج کا اعلان کر دیا۔

گزشتہ روز پی ٹی سی ایل گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا کمپنی کی مالی کارکردگی کے والے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کیا۔

سال 2020ء کے دوران پی ٹی سی ایل گروپ کو 129 ارب روپے آمدن ہوئی لیکن اگر کورونا وائرس کے منفی اثرات اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھا جائے تو گروپ کی آمدن سال 2019ء کے مقابلے میں 5.2 فیصد زیادہ نظر آتی ہے۔

سال 2020ء کے دوران گروپ کی اہم ترین کمپنی یوفون اپنی ایل ٹی ای سروسز میں توسیع کے ذریعے ایک کروڑ سے زائد افراد کو موبائل ڈیٹا سہولیات فراہم کرنے میں کامیاب رہی جبکہ یو بینک (Ubank) بھی صارفین کے قرضوں کے پورٹ فولیو اور ڈیپازٹس میں اضافے کے ذریعے 50 فیصد زائد آمدن حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

اخراجات میں کمی، سٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں گراوٹ اور بہتر ایکسچینج ریٹ جیسے اقدامات کے باعث گروپ کے سالانہ خالص منافع میں 38 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ جاری مالی سال میں پی ٹی سی ایل گروپ کی آمدن گزشتہ سال کی نسبت محض 0.4 فیصد زیادہ رہی، سال 2020ء کی تیسری سہ ماہی تک ٹاپ لائن سکیورٹیز نے کمپنی کی آمدن میں 0.7 فیصد کمی کی پیش گوئی کی تھی تاہم چوتھی سہ ماہی میں سالانہ اعتبار سے صارفین کی تعداد میں اضافہ ہونے سے گروپ کی آمدن میں 3.7 فیصد اضافہ ہوا۔

اسی طرح گزشتہ سات ماہ میں گروپ کی براڈبینڈ سروسز سے آمدن میں بھی مسلسل اضافہ ہوا ہے، وائرلیس سروسز کا شعبہ جو گزشتہ پانچ سالوں سے تنزلی کا شکار تھا اس کی سالانہ آمدن میں بھی 8 فیصد اضافہ ہوا، کمپنی نے کسی بھی بڑی سرمایہ کاری کے بغیر اپنی سیلز اور پرائسنگ کی حکمت عملی میں تبدیلیاں کیں جس وجہ سے اس کو منافع ہوا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here