اسلام آباد: سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جنوری 2021ء کے دوران بینک ڈیپازٹس میں 16 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جنوری 2021ء کے دوران ڈیپازٹس کا حجم 17.1 کھرب روپے تک بڑھ گیا جبکہ جنوری 2020ء کے اختتام پر بینک ڈیپازٹس کا حجم 14.7 کھرب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اس طرح جنوری 2020ء کے مقابلہ میں جنوری 2021ء کے دوران بینک ڈیپازٹس میں 16 فیصد یعنی 2.4 کھرب روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب دسمبر 2020ء کے مقابلہ میں جنوری 2021ء کے دوران بینک ڈیپازٹس میں 4.4 فیصد کمی ہوئی ہے۔ دسمبر 2020ء کے اختتام پر ڈیپازٹس کا حجم 17.8 کھرب روپے تھا جبکہ جنوری 2021ء کے خاتمہ پر ڈیپازٹس کا حجم 17.1 کھرب روپے تک کم ہو گیا۔
اس طرح دسمبر 2020ء کے مقابلہ میں جنوری 2021ء کے دوران بینک ڈیپازٹس کے حجم میں 70 کروڑ روپے کمی واقع ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر کے نتیجہ میں بینک ڈیپازٹس کی بڑھوتری ہوئی ہے۔ قومی بچت کی مختلف سکیموں پر شرح منافع میں کمی بھی بینک ڈیپازٹس کے اضافہ کے اسباب میں شامل ہے۔
ایس بی پی کے مطابق جنوری 2021ء کے دوران قرضوں کی فراہمی 3.7 فیصد اضافہ سے 8.5 کھرب روپے تک بڑھ گئی۔ بینکاری کے شعبہ کے ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ سال 2021ء کے دوران بینک ڈیپازٹس میں 12 تا 14 فیصد جبکہ قرضوں کی فراہمی میں 4 تا 6 فیصد اضافہ ہو سکتا ہے۔
بینکاری کے شعبہ کے ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ سال 2021ء کے دوران بینک ڈیپازٹس میں 12 تا 14 فیصد جبکہ قرضوں کی فراہمی میں 4 تا 6 فیصد اضافہ ہو سکتا ہے۔