چترال، دیر میں انٹرنیٹ سروس کیلئے ٹیلی نار کیساتھ ایک ارب 37 کروڑ کا معاہدہ

584

اسلام آباد: چترال، لوئر دیر اور اپر دیر کے علاقوں میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کیلئے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) اور ٹیلی نار پاکستان کے مابین معاہدہ طے پا گیا۔

گزشتہ روز روز وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری کی موجودگی میں یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹو حارث محمود چوہدری اور ٹیلی نار پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عرفان وہاب خان نے معاہدہ پر دستخط کیے۔

منصوبے کے تحت چترال، اپر دیر اور لوئر دیر کے پسماندہ علاقوں کے عوام کو ایک ارب 37 کروڑ روپے کی لاگت سے براڈ بینڈ سروسز فراہم کی جائیں گی جو 18 ہزار مربع کلومیٹر کے علاقے کو کور کریں گی جس سے نہ صرف علاقے میں طالب علموں بلکہ چھوٹے کاروباری افراد کو بھی تیز ترین انٹرنیٹ سروسز میسر آئیں گی جبکہ منصوبے سے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ وزارت آئی ٹی کی بھرپور کوشش ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے عزم کو پورا کرنے میں بھی وزارت آئی ٹی معاون کردار ادا کرنے کی خواہاں ہے، پاکستان کے تمام سیاحتی علاقوں بشمول شمالی علاقہ جات کے اہم مقامات کا متعلقہ محکمہ نشانندہی کرے، وہاں ہنگامی بنیادوں پر براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، چترال اور ملحقہ علاقوں کیلئے یہ منصوبہ ہماری جانب سے پہلا قدم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام سیاحتی مقامات پر ملکی و غیرملکی سیاحوں کی سہولت کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ٹیلی کمیونیکیشن اور براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں، سیاحت کا فروغ ملکی معیشت کے استحکام میں بنیادی کردار ادا کر سکتا ہے، یہ اسی وقت ممکن ہے کہ سیاحوں کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر کی اہم شاہراہوں، ہائی ویز، موٹر ویز پر بلاتعطل روابط کو یقینی بنانے کے علاوہ پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور ہر ہماری کارکردگی کے تناظر میں ہر گزرتا دن ایک نیا سنگ میل ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار بخاری نے کہا کہ سیاحوں کیلئے ایک جانب حکومت پاکستان سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہی ہے تو دوسری جانب وفاقی وزیر آئی ٹی کی پیشکش پر ہم ان کے شکر گزار ہیں اور یقیناً ان کے ساتھ ان مقامات کی تفصیلات شیئر کی جائیں گی جہاں کمیونیکیشن میں بہتری کی فوری ضرورت ہے۔

قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو حارث محمود چوہدری نے کہا کہ تمام پسماندہ اور دور دراز علاقوں تک موبائل رابطوں، براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی اور آپٹیکل فائبر بچھانے کیلئے مختلف منصوبے بنائے ہیں جن میں سے کچھ پر کام شروع کر دیا گیا جبکہ متعدد منصوبے بہت جلد شروع کر دیئے جائیں گے۔

حارث چوہدری کے مطابق سیاحتی مقامات پر کمیونیکشن و براڈ بینڈ کی فراہمی کیلئے ان کی جانب سے تما م اقدامات مکمل ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here