لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے معروف ای ٹکٹنگ کمپنی بک می ڈاٹ پی کے (Bookme.pk) کو ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021ء کا آفیشل ٹکٹنگ پارٹنر مقرر کر دیا ہے۔
ایونٹ 20 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ این سی او سی کی اجازت کے بعد لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں 20 فیصد تماشائیوں کو شرکت کی اجازت ہے۔
کرکٹ شائقین اِن میچز میں شرکت کے لیے اپنی ٹکٹیں بک می ڈاٹ پی کے سے خرید سکیں گے۔ بک می ڈاٹ پی کے میں رقم کی منتقلی جاز کیش یا ایزی پیسہ سے کی جا سکے گی، ٹکٹوں کی قیمتوں سمیت مزید تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد نے امید ظاہر کی ہے کہ بک می ڈاٹ پی کے کرکٹ شائقین کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ شائقین کی محدود تعداد کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ملنے پر بہت خوش ہیں، اس دوران پی سی بی سماجی فاصلے سمیت کوویڈ-19 ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائے گا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر بک می ڈاٹ پی کے فیضان اسلم کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنے پر خوش ہیں، ہم فینز کو قطاروں میں کھڑے ہونے کی بجائے گھر بیٹھے ڈیجٹل طریقے سے ٹکٹیں خریدنے کے لیے اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کریں گے۔