اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے کہا ہے کہ حکومت نے کووڈ۔19 کی وجہ سے چیلنجوں کے باوجود توانائی کے شعبہ میں اصلاحات میں نمایاں پیشرفت کی ہے، تیل و گیس کے 15 بلاکس کیلئے بولی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، تین سال میں 7 کروڑ 10 لاکھ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری ہو گی۔
ان خیالات کا اظہار ندیم بابر نے منیلا میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر یاﺅ ہانگ یانگ اور ان کی انرجی ٹیم کے ساتھ ورچوئل اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں پاکستان میں پٹرولیم کے شعبہ میں اصلاحات کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کا مقصد توانائی کی صورتحال بہتر بنانے اور ملک بھر میں تیل و گیس کی فراہمی کو محفوظ بنانا ہے۔
ندیم بابر نے اجلاس کو بتایا کہ ملک میں 15 تیل و گیس کے بلاکس کی نیلامی کی بولی کا پہلا دور کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے اور تین سال میں ان بلاکس میں تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیاں سٹڈیز اور دیگر سرگرمیوں میں 7 کروڑ 10 لاکھ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کریں گی جس کے بعد ان بلاکس میں لاکھوں ڈالر کے خرچ سے ترقیاتی پروگرام شروع کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے:
تیل و گیس کی تلاش کیلئے 20 نئے بلاکس کی نیلام کا فیصلہ
تیل و گیس پیدا کرنے والے اضلاع سے رائلٹی کی مد میں 142 ارب آمدن
انہوں نے کہا کہ دوسرے اور تیسرے مرحلہ میں بلاکس کیلئے بولی رواں سال کے آخر تک ہو گی۔ حکومت نے اَپ سٹریم پٹرولیم کے شعبہ کیلئے ریگولیٹری اتھارٹی کا فریم ورک تیار کیا ہے اور یہ مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری اور ضروری قانون سازی کے بعد لاگو ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ تھرڈ پارٹی رسائی کی پالیسی پر مکمل عملدرآمد کیا گیا ہے اور یہ سہولت پائپ لائنوں کیلئے بھی دستیاب ہے، حکومت نے نجی کمپنیوں کیلئے غیر استعمال شدہ گنجائش کو مشتہر کیا ہے جس کا مقصد اپریل تک انہیں اپنی مرضی کے مطابق صارفین کو ایل این جی کی فروخت اور ایل این جی لانے کے قابل بنانا ہے۔
ندیم بابر نے کہا کہ گیس فراہم کرنے والی کمپنیوں نے یو ایف جی میں کمی کے منصوبہ پر نمایاں پیشرفت کی ہے۔ انہوں نے زیر زمین گیس ذخیرہ کرنے کے منصوبہ کیلئے کنسلٹنٹ اور سٹڈی میں تعاون پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون کو سراہا اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے فنڈز کی فراہمی میں دلچسپی کی بھی تعریف کی۔
معاون خصوصی نے زیرزمین گیس ذخیرہ کرنے کی سہولیات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ گیس درآمد کرنے کیلئے ملکی استعداد بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گا اور اس سے پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے توانائی کے شعبہ میں اصلاحات متعارف کرانے کیلئے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ بینک توانائی کے شعبہ میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔