وفاق اور صوبوں کو نان ٹیکس ریونیو کی مد میں آٹھ کھرب 95 ارب آمدن

پہلی ششماہی میں وفاق نے نان ٹیکس ریونیو کی مد میں 8 کھرب 48 ارب 38 کروڑ روپے وصول کئے جبکہ صوبوں نے کل 47 ارب 21  کروڑ 80 لاکھ روپے اکھٹے کئے

1017

اسلام آباد: وفاق اور صوبوں کی جانب سے نان ٹیکس محصولات جمع کرنے کی شرح میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وزاررت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر دسمبر 2020ء تک کی مدت میں وفاق اور صوبوں نے نان ٹیکس ریونیو کی مد میں مجموعی طور پر آٹھ کھرب 95 ارب 25 کروڑ 60 لاکھ روپے حاصل کئے۔

نان ٹیکس ریونیو کی مد میں وفاق نے مالی سال 2020-21ء کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) میں 8 کھرب 48 ارب 38 کروڑ روپے وصول کئے جبکہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں یہ حجم تین کھرب 36 ارب 33 کروڑ 50 لاکھ روپے تھا۔

یہ بھی پڑھیے:

رواں مالی سال کے دوران درآمدات پر 528 ارب روپے سیلز ٹیکس وصول

ایف بی آر نے جنوری میں ہدف سے 24 ارب روپے زائد ٹیکس جمع کر لیا

پنجاب ریونیو اتھارٹی، جنوری میں 10 فیصد اضافے سے 11.23 ارب ٹیکس جمع

پہلی ششماہی کے دوران صوبوں کی جانب سے نان ٹیکس ریونیو کی مد میں کل 47 ارب 21  کروڑ 80 لاکھ روپے جبکہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 20 ارب 14 کروڑ روپے اکھٹے کئے گئے۔

مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران نان ٹیکس ریونیو کی مد میں وفاق اور صوبوں نے مجموعی طور پر تین کھرب 56 ارب 34 کروڑ 90 لاکھ روپے جمع کئے تھے۔

جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں سرکاری شعبہ کے کاروباری اداروں سے نان ٹیکس وصولیوں کا حجم 43 ارب 98 کروڑ 20 لاکھ روپے رہا جبکہ  پہلی سہ ماہی میں یہ حجم 25 ارب 67 کروڑ 50 لاکھ روپے رہا تھا۔

پاسپورٹ فیس کی مد میں پہلی ششماہی کے دوران وصولیوں کا حجم چھ  ارب 97 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ پہلی سہ ماہی کے دوران دو ارب 95 کروڑ 80 لاکھ روپے ریکارڈ کیا گیا۔

پہلی ششماہی کے دوران پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے نان ٹیکس ریونیو کی مد میں 18 ارب 61 کروڑ 50 لاکھ روپے کا ریونیو حاصل ہوا جبکہ پہلی سہ ماہی میں پی ٹی اے سے 8 ارب 15 کروڑ 20 لاکھ روپے موصول ہوئے تھے۔

اسی طرح وِنڈ فال، پیٹرولیم ڈیولپمنٹ سیس، تیل و گیس پر رائلٹی اور پیٹرولئیم ڈولپمنٹ لیوی کی مد میں بھی وصولیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here