راولپنڈی: چین کی پیپلز لبریشن آرمی اور چینی عوام کی طرف سے پاکستان کی مسلح افواج کے لئے کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین عطیہ کی گئی ہے جو چین کی فوج کی طرف سے دنیا بھر میں کسی بھی ملک کی فوج کو ویکسین کا پہلا عطیہ ہے۔
پاکستانی فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے نیشن فرسٹ کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے چینی فوج کی طرف سے عطیہ کی گئی یہ ویکسین فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لئے عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں فرنٹ لائن پر کام کرتے ہوئے قیمتی جانیں بچانے والے طبی عملے کے ارکان اصل ہیرو ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے پیپلز لبریشن آرمی اور چینی عوام کی جانب سے ویکسین عطیہ کرنے پر شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ایک ٹویٹ میں پاک فوج کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فوج کیلئے آئی کورونا ویکسین ہیلتھ ورکرزکو دینا ایک عظیم فیصلہ ہے اور یہ حکومتی فیصلے سے مطابقت رکھتا ہے۔ ویکسین کےسب سے زیادہ حق دارہیلتھ کیئر ورکرز ہیں۔