پیداواری، ترسیلی لاگت بڑھنے سے جنوری میں سیمنٹ کی برآمدات میں 14 فیصد کمی

جنوری 2020ء کی 8 لاکھ 8 ہزار 874 ٹن برآمدات کے مقابلہ میں جنوری 2021ء کے دوران 6 لاکھ 94 ہزار 934 ٹن تک کم ہو گئیں

792

اسلام آباد: پیداواری اور ترسیلی لاگت بڑھنے کی وجہ سے جنوری 2021ء میں پاکستان کی سیمنٹ کی برآمدات میں 14.09 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جنوری 2021ء میں سیمنٹ کی فروخت کے حجم میں 16.28 فیصد اضافہ ہوا ہے، اس دوران فروخت 4.73 ملین ٹن تک پہنچ گئی جبکہ جنوری 2020ء کے دوران کی فروخت کا حجم 4.07 ملین ٹن رہا تھا۔

اس طرح جنوری 2020ء کے مقابلہ میں جنوری 2021ء کے دوران سیمنٹ کے فروخت میں 0.66 ملین ٹن یعنی 16 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ایسوسی ایشن کی رپورت کے مطابق رواں سال کے آغاز پر جنوری 2021ء میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 23.67 فیصد اضافہ سے 3.26 ملین ٹن کے مقابلہ میں 4.03 ملین ٹن تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب برآمدات میں 14.09 فیصد کمی واقع ہوئی اور جنوری 2020ء کی 8 لاکھ 8 ہزار 874 ٹن برآمدات کے مقابلہ میں جنوری 2021 کے دوران6 لاکھ 94 ہزار 934 ٹن تک کم ہو گئیں۔

اعدادوشمار کے مطابق اس دوران شمالی ریجن میں سیمنٹ کی فروخت 23.48 فیصد اضافہ سے 2.68 ملین ٹن کے مقابلہ میں 3.31 ملین ٹن تک بڑھ گئی۔

مزید برآں جنوبی ریجن میں قائم سیمنٹ کی صنعت کی فروخت کا حجم بھی 24.59 فیصد اضافہ سے 5 لاکھ 81 ہزار 316 ٹن کے مقابلہ میں 7 لاکھ 24 ہزار 281 ٹن پہنچ گیا۔

ترجمان آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے لیکن انڈسٹری کے لیے اس کی بنیادی اِن پُـٹ میں اضافہ کرنا ایک بڑا چیلنج ہے، عالمی مارکیٹ میں کوئلے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس کی وجہ سے سیمنٹ سیکٹر کو پیداواری لاگت میں اضافے کا سامنا ہے۔

مزید برآں انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں پانچویں بار اضافے کے نتیجے میں ان کی ترسیلی لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی لیے گزشتہ تین ماہ کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں کمی ہو رہی ہے کیونکہ سیمنٹ مینوفیکچررز فیول کی لاگت میں اضافے کی وجہ سے مسابقت کھو رہے ہیں، فیول اور توانائی سیمنٹ انڈسٹری کے دو بنیادی اِن پُٹس ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here